پاکستان کا نیپال کے سیلاب متاثرین سے اظہار یکجہتی، 100 ٹن امدادی سامان روانہ
اسلام آباد: پاکستان نے نیپال میں تباہ کن سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ افراد کی امداد کے لیے 100 ٹن انسانی امداد روانہ کردی۔
دفتر خارجہ کے مطابق امدادی سامان نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے تعاون سے فراہم کیا گیا، جسے چارٹرڈ طیارے کے ذریعے اسلام آباد سے نیپال روانہ کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق امدادی سامان میں متاثرہ خاندانوں کی فوری ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے خیمے، کمبل، چٹائیاں، حفظانِ صحت کی کٹس اور ضروری ادویات شامل ہیں۔
امدادی سامان کی روانگی کے موقع پر اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر خصوصی تقریب کا انعقاد بھی کیا گیا، جس میں پاکستان میں تعینات نیپال کے سفیر، وزارت خارجہ، این ڈی ایم اے اور دیگر متعلقہ اداروں کے سینئر حکام نے شرکت کی۔
دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کی جانب سے نیپال کے لیے بھیجی گئی انسانی امداد قدرتی آفت سے متاثرہ افراد کے ساتھ یکجہتی اور ہمدردی کا عملی اظہار ہے۔ پاکستان مشکل کی اس گھڑی میں حکومت اور عوامِ نیپال کے ساتھ کھڑا ہے اور متاثرہ آبادی کی بحالی کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتا ہے۔