پاکستان نیوی کی بحیرہ عرب میں بڑی کارروائی، 750 ملین ڈالر مالیت کی منشیات پکڑی لی

پاکستان نیوی کی بحیرہ عرب میں بڑی کارروائی، 750 ملین ڈالر مالیت کی منشیات پکڑی لی

عرب سمندر میں مشترکہ آپریشن، نیوی کے جہازوں حنین اور یرموک نے 2 ہزار 800 کلوگرام سے زائد منشیات قبضے میں لے لیں

آئی ایس پی آر کے مطابق میری ٹائم سکیورٹی آپریشنز کے تحت مشکوک ماہی گیر کشتی پر آپریشن کیا گیا، آپریشن پی این ایس حنین اور پی این ایس یرموک نے بحیرہ عرب میں کیا۔

 اسلام آباد: پاکستان نیوی کے جہازوں حنین اور یرموک نے عرب سمندر میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے 2 ہزار 800 کلوگرام سے زائد منشیات قبضے میں لے لیں، جن کی مالیت تقریباً 75 کروڑ امریکی ڈالر بتائی گئی ہے۔

پاکستان نیوی کے مطابق جہاز معمول کی گشت پر مامور تھے کہ اس دوران ایک مشتبہ کشتی کو روکا گیا۔ بحری اہلکاروں نے کشتی پر سوار ہو کر تلاشی لی تو مختلف خفیہ خانوں سے بھاری مقدار میں منشیات برآمد ہوئیں۔

ترجمان کے مطابق کارروائی کے دوران مجموعی طور پر 2 ہزار 800 کلوگرام سے زائد منشیات قبضے میں لی گئیں، جن کی بین الاقوامی مارکیٹ میں مالیت تقریباً 750 ملین امریکی ڈالر بنتی ہے۔

پاکستان نیوی کا کہنا ہے کہ کامیاب کارروائی سمندری راستوں سے ہونے والی غیر قانونی منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف مؤثر نگرانی اور کارروائی کی عکاس ہے۔ پاکستان نیوی سمندری حدود میں سیکیورٹی یقینی بنانے اور غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کیلئے مسلسل نگرانی اور گشت کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔

چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف، این آئی، این آئی (ایم)، ٹی بی ٹی نے کارروائی میں حصہ لینے والے افسران اور عملے کی پیشہ ورانہ مہارت، چوکسی اور مستعدی کو سراہا۔

نیول چیف نے پاکستان نیوی کے عزم کا اعادہ کیا کہ ملک کی سمندری حدود کو محفوظ بنانے، سمندری سیکیورٹی برقرار رکھنے اور سمندر کے ذریعے ہونے والی غیر قانونی منشیات کی اسمگلنگ سمیت تمام غیر قانونی سرگرمیوں کے سدباب کیلئے مؤثر اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

پاکستان نیوی کی جانب سے عرب سمندر میں باقاعدگی سے گشت اور انسدادِ منشیات کارروائیاں کی جاتی ہیں تاکہ سمندری راستوں کو غیر قانونی سرگرمیوں کیلئے استعمال ہونے سے روکا جا سکے۔

بحیرہ عربپاکستان نیوی
Comments (0)
Add Comment