ٹی20 ورلڈکپ: فہیم اشرف کی جارحانہ بیٹنگ، نیدرلینڈز کو 3 وکٹوں سے شکست
فہیم اشرف نے 11 گیندوں پر 29 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر ٹیم کو شسکت سے بچا لیا
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں پاکستان نے نیدرلینڈز کو شکست دے کر ایونٹ کا شاندار آغاز کر دیا۔
کولمبو کے سنہالیز اسپورٹس کمپلیکس میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے 148 رنز کا ہدف 19.3 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
ایک موقع پر پاکستان کی 7 وکٹیں 114 رنز پر گر چکی تھیں اور شکست کا خطرہ منڈلا رہا تھا، تاہم فہیم اشرف نے دباؤ کے عالم میں 11 گیندوں پر 29 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کر دیا۔ شاہین شاہ آفریدی 5 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کی جانب سے صاحبزادہ فرحان 47 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جبکہ صائم ایوب 24، بابر اعظم 15، کپتان سلمان علی آغا 12 اور شاداب خان 8 رنز بنا سکے۔ محمد نواز اور عثمان خان بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔
نیدرلینڈز کی طرف سے آریان دت اور پال وین میکران نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ وینڈر مروا، لوگن وین بیک اور کائل کلین نے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔
اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر نیدرلینڈز کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔ نیدرلینڈز کی پوری ٹیم 19.5 اوورز میں 147 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
نیدرلینڈز کے کپتان اسکاٹ ایڈورڈز نے 37 اور باس ڈی لیڈ نے 30 رنز بنائے، جبکہ مائیکل لیوٹ 24 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ دیگر بلے باز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے۔
پاکستان کی جانب سے سلمان مرزا نے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ محمد نواز، صائم ایوب اور ابرار احمد نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ شاہین شاہ آفریدی کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔