میٹا اور وزارتِ تجارت کے درمیان ڈیجیٹل معیشت، مصنوعی ذہانت اور ای کامرس میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

میٹا اور وزارتِ تجارت کے درمیان ڈیجیٹل معیشت، مصنوعی ذہانت اور ای کامرس میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

حکومت پاکستان ای کامرس اور مصنوعی ذہانت سے متعلق جامع پالیسیوں کو حتمی شکل دے رہی ہے ، وزیر تجارت جام کمال خان

جام کمال خان نے میٹا کو پاکستان میں سرمایہ کاری اور شراکت داری کی دعوت دے دی، ایک ہزار ایس ایم ایز کو اے آئی، ڈیجیٹل مارکیٹنگ اور ای کامرس کی مفت تربیت دی جائے گی

اسلام آباد: وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے عالمی ٹیکنالوجی کمپنی میٹا کے وفد نے وزارتِ تجارت میں ملاقات کی، جس میں پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت، مصنوعی ذہانت (اے آئی)، ای کامرس اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباروں (ایس ایم ایز) کی استعداد کار بڑھانے کے لیے تعاون پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے میٹا کو پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت اور مصنوعی ذہانت کے شعبے میں سرمایہ کاری اور شراکت داری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ حکومت ملک میں جدید ٹیکنالوجی کے فروغ، ڈیجیٹل تجارت کے فروغ اور کاروباری ماحول کو مزید بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے میٹا کی جانب سے ایک ہزار پاکستانی ایس ایم ایز کو مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل مارکیٹنگ اور آن لائن کاروباری مہارتوں کی مفت تربیت فراہم کرنے کے پروگرام کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات پاکستانی کاروباری اداروں کو عالمی منڈیوں میں مسابقت کے قابل بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔

جام کمال خان نے کہا کہ حکومت پاکستان ای کامرس اور مصنوعی ذہانت سے متعلق جامع پالیسیوں کو حتمی شکل دے رہی ہے تاکہ جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے ملکی معیشت کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستانی کاروباروں کو عالمی منڈیوں تک رسائی حاصل کرنے کے لیے مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور فائدہ اٹھانا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ محفوظ ڈیجیٹل ادائیگیوں کا مؤثر نظام ای کامرس کے فروغ اور صارفین کے اعتماد کے لیے ناگزیر ہے۔

وفاقی وزیر تجارت نے یقین دہانی کرائی کہ وزارتِ تجارت میٹا کو چیمبرز آف کامرس، تجارتی تنظیموں اور مختلف کاروباری ایسوسی ایشنز کے ساتھ روابط استوار کرنے میں ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی تاکہ مشترکہ منصوبوں کو مؤثر انداز میں آگے بڑھایا جا سکے۔

ملاقات میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ وزارتِ تجارت اور میٹا کے درمیان مصنوعی ذہانت، ای کامرس، ڈیجیٹل تجارت اور ایس ایم ایز کی استعداد کار بڑھانے کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔

میٹا کے وفد نے پاکستان کی ای کامرس اور ڈیجیٹل پالیسیوں کی تشکیل میں عالمی ماہرین کے ذریعے تکنیکی معاونت فراہم کرنے کی پیشکش بھی کی، جسے وفاقی وزیر نے خوش آئند قرار دیا۔

میٹا کے نمائندوں نے بتایا کہ کمپنی کا ایس ایم ای ٹریننگ پروگرام رواں سال اگست سے نومبر تک جاری رہے گا، جس کے تحت ایک ہزار پاکستانی کاروباری اداروں کو مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل مارکیٹنگ اور آن لائن کاروبار کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ تربیت فراہم کی جائے گی۔ پروگرام میں خواتین کاروباری افراد اور چھوٹے شہروں سے تعلق رکھنے والے کاروباروں کو خصوصی ترجیح دی جائے گی۔

وفاقی وزیر تجارت نے کہا کہ پاکستان کی نوجوان آبادی، تیزی سے ترقی کرتی ڈیجیٹل معیشت اور بڑھتا ہوا ای کامرس سیکٹر عالمی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے لیے غیر معمولی مواقع فراہم کرتا ہے، اور حکومت بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مل کر ڈیجیٹل پاکستان کے وژن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے پرعزم ہے۔

ڈیجیٹل معیشت- مصنوعی ذہانتمیٹا -وزارت تجارت
Comments (0)
Add Comment