ملک کو پیچیدہ، وسیع اور مستقل چیلنجز کا سامنا ہے، فیلڈ مارشل عاصم منیر
ملک کو پیچیدہ، وسیع اور مستقل چیلنجز کا سامنا ہے، یہ چیلنجز روایتی، انٹیلی جنس، سائبر، معلومات، فوجی، اقتصادی اور دیگر شعبوں پر محیط ہیں، فیلڈ مارشل عاصم منیر
چیف آف ڈینفس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ہمہ جہت تیاری اور قومی طاقت کے تمام عناصر کے درمیان مؤثر ہم آہنگی ناگزیر قرار دیتےہوئے کہا ہے کہ دشمن عناصر براہ راست محاذ آرائی کے بجائے بالواسطہ اور مبہم حربے اختیار کر رہے ہیں، جن میں پراکسیز کے ذریعے داخلی کمزوریوں کا استحصال بھی شامل ہے۔
اسلام آباد: (نمائندہ خصوصی) چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کا دورہ۔فیلڈ مارشل کو نیشنل سیکیورٹی اور وار کورس کے سول اور ملٹری شرکا کے پینل نے قومی سلامتی کو درپیش چیلنجز اور ان پر قابو پانے کے لیے ضروری اقدامات کے بارے میں اپنے علمی نقطہ نظر سے آگاہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اظہار خیال کرتے ہوئے پیچیدہ اور ابھرتے ہوئے عالمی، علاقائی اور داخلی سلامتی کے ماحول کا خاکہ پیش کیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ ملک کو پیچیدہ، وسیع اور مستقل چیلنجز کا سامنا ہے، یہ چیلنجز روایتی، انٹیلی جنس، سائبر، معلومات، فوجی، اقتصادی اور دیگر شعبوں پر محیط ہیں، جس کے لئے جامع کثیر الجہتی تیاری، قومی طاقت کے تمام عناصر کے درمیان مسلسل ربط اور ہم آہنگی کی ضرورت ہے۔ فیلڈ مارشل نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ دشمن عناصر بالواسطہ اور مبہم طریقے اختیار کر رہے ہیں، جس میں پراکسی کا استعمال، ظاہری محاذ آرائی کے بجائے اندرونی فالٹ لائنوں کا استحصال کرنا بھی شامل ہے۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ مستقبل کے لیڈروں کو تربیت دی جانی چاہیے اور ایسے کثیرالجہتی علمی چیلنجوں کو پہچاننے، ان کا اندازہ لگانے اور ان کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار رہنا چاہیے۔ فیلڈ مارشل نے اس بات پر بھی زور دیا کہ واضح اور فکری لچک کے ساتھ غیر یقینی صورتحال میں فیصلہ سازی آج کے مسابقتی اور وسیع تر سیکورٹی ماحول میں کام کرنے کیلئے اہم صفات ہیں۔ فیلڈ مارشل نے مستقبل کی لیڈرشپ کی تیاری میں ایک اہم ادارے کے طور پر این ڈی یو کے کردار کی تعریف کی جو سخت تربیت اور علمی بصیرت کو موثر پالیسی کی تشکیل اور آپریشنل نتائج میں ڈھالنے میں مصروف عمل ہے۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ پیشہ ورانہ فوجی تعلیم ادارہ جاتی صلاحیت کو مضبوط بنانے، مقامی وسائل کو فروغ دینے اور طویل مدتی قومی ہم آہنگی کو یقینی بنانے کے لئے مرکزی حیثیت رکھتی ہے۔ فیلڈ مارشل نے پینلز کے تجزیہ اور نتائج کو سراہا اور شرکا پر زور دیا کہ وہ دیانتداری، نظم و ضبط اور بے لوث خدمت کی اقدار کو برقرار رکھنے کیلئے چوکس، موافق اور ثابت قدم رہیں۔ آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی آمد پر صدر این ڈی یو نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔