مسلح افواج قدرتی آفات اور ہنگامی حالات کے دوران ریلیف، ریسکیو اور بحالی کی سرگرمیوں میں سول انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے لیے ہر وقت مکمل طور پر تیار ہیں۔ فیلڈ مارشل
فیلڈ مارشل عاصم منیر کا این ای او سی ہیڈکوارٹرز کا دورہ، مون سون سے ممکنہ آفات سے نمٹنے کی تیاریوں کا جائزہ
انسانی جانوں اور قومی انفرااسٹرکچر کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایت، مسلح افواج سول اداروں کی معاونت کے لیے مکمل تیار ہیں: آئی ایس پی آر
راولپنڈی: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں انہیں جاری مون سون سیزن کے دوران ممکنہ سیلاب، شدید بارشوں اور دیگر قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے کیے گئے انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے فیلڈ مارشل کو نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر کی آپریشنل استعداد، جدید مانیٹرنگ سسٹم، پیشگی وارننگ کے نظام اور ہنگامی حالات میں فوری ردعمل کے طریقہ کار سے آگاہ کیا۔
بریفنگ کے دوران مون سون کے ممکنہ خطرات، مختلف اداروں کے درمیان رابطہ کاری، امدادی کارروائیوں کی منصوبہ بندی اور متاثرہ علاقوں میں بروقت رسائی کے لیے کیے گئے اقدامات پر بھی روشنی ڈالی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے این ڈی ایم اے کی پیشہ ورانہ کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ قومی
سطح پر مؤثر تیاری، مضبوط ادارہ جاتی ہم آہنگی اور بروقت اقدامات ہی جانی و مالی نقصانات کو کم سے کم رکھنے کی ضمانت ہیں۔
انہوں نے ہدایت کی کہ انسانی جانوں کے تحفظ کو اولین ترجیح دی جائے اور اہم قومی انفرااسٹرکچر کے تحفظ کے لیے تمام متعلقہ ادارے مکمل ہم آہنگی کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں انجام دیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں مؤثر اور فوری ردعمل یقینی بنایا جا سکے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج قدرتی آفات اور ہنگامی حالات کے دوران ریلیف، ریسکیو اور بحالی کی سرگرمیوں میں سول انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے لیے ہر وقت مکمل طور پر تیار ہیں۔