مذاکرات کیلئے پاکستان آنے سے کبھی انکار نہیں کیا، ایرانی وزیرخارجہ
ایران کسی بھی ایسے حل میں دلچسپی رکھتا ہے جو جنگ کے مکمل اور پائیدار خاتمے کی ضمانت دے، عراقچی
ایرانی وزیرخارجہ سید عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ہم نے مذاکرات کے لئے اسلام آباد جانے سے کبھی انکار نہیں کیا۔
گزشتہ روز امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے یہ خبر نشر کی تھی کہ ایران نے اسلام آباد میں امریکی حکام سے ملنے سے انکار کر دیا ہے۔
امریکی میڈیا رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ ثالثوں کے مطابق ایران نے باضابطہ طور پر آگاہ کیا ہے کہ وہ آئندہ دنوں میں اسلام آباد میں امریکی حکام سے ملاقات کے لیے تیار نہیں اور یہ کہ امریکا کے مطالبات ناقابل قبول ہیں۔
واشنگٹن پوسٹ کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ ترکیے اور مصر اب بھی اس حوالے پیش رفت کی کوشش کر رہے ہیں اور مذاکرات کے لیے نئے مقامات جن میں قطر کا دارالحکومت دوحہ یا ترکیے کا شہر استنبول شامل ہیں پر غور کیا جا رہا ہے، جبکہ تعطل ختم کرنے کے لیے نئی تجاویز بھی زیرِ غور ہیں۔
تاہم اس حوالے سے ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی نے اپنے سوشل میڈیا پر ایرانی عوام کی پاکستان ھے والہنانہ محبت کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ہم نے مذاکرات کیلئے اسلام آباد جانے سے کبھی انکار نہیں کیا۔
عباس عراقچی نے لکھا کہ ہم جنگ بندی کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہیں، امریکی میڈیا جنگ بندی کی خبروں کو غلط طریقے سے پیش کر رہا ہے، ایران ان شرائط پر زور دیتا ہے کہ جنگ کا جامع اور دائمی خاتمہ ہونا چاہیئے۔