لبنان کے وزیر داخلہ کی اسحاق ڈار اور محسن نقوی سے ملاقاتیں، پاکستان اور لبنان کا دوطرفہ تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق

لبنان کے وزیر داخلہ کی اسحاق ڈار اور محسن نقوی سے ملاقاتیں، پاکستان اور لبنان کا دوطرفہ تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق

 دونوں ممالک کے درمیان سیکیورٹی تعاون بڑھانے پر اتفاق، انٹیلی جنس شیئرنگ اور انسداد دہشت گردی میں تعاون پر زور

لبنان کے وزیر داخلہ احمد الحجار نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر ادحاق ڈار اور ووفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے علیحدہ علیحدہ نلاقاتیں کیں ، دونوں ممالک کے درمیان سیکیورٹی   تعاون بڑھانے پر اتفاق، انٹیلی جنس شیئرنگ اور انسداد دہشت گردی میں تعاون پر زور،

اسلام آباد: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے لبنان کے وزیر داخلہ احمد الحجار نے وزارت خارجہ میں ملاقات کی، جس میں پاکستان اور لبنان کے باہمی تعلقات، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان تعاون اور علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری اور وزارت خارجہ کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

اس موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے لبنان کی خودمختاری، اتحاد اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی مستقل حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان لبنان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے، بالخصوص قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان تعاون اور عوامی سطح پر روابط کے فروغ کو اہمیت حاصل ہے۔

دونوں وزرائے داخلہ نے پاکستان اور لبنان کے تعلقات کا جائزہ لینے کے ساتھ قانون نافذ کرنے کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے امکانات پر بھی گفتگو کی۔ اس موقع پر سزا یافتہ افراد کی منتقلی سے متعلق معاہدے پر دستخط کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے دونوں ممالک کے درمیان قانونی تعاون کے فروغ کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا گیا۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا اور خطے میں امن و استحکام کے لیے کوششیں جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔

لبنانی وزیر داخلہ احمد الحجار نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا۔ انہوں نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط پر بھی پاکستان کو مبارکباد دی۔

دونوں وزرا نے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا اور اس سلسلے میں دوطرفہ روابط کو مزید مستحکم بنانے پر اتفاق کیا۔

لبنان کے وزیر داخلہ احمد الحجار کی وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے اہم ملاقات

پاکستان اور لبنان کا سیکیورٹی تعاون بڑھانے پر اتفاق، انٹیلی جنس شیئرنگ اور انسداد دہشت گردی میں تعاون پر زور

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے لبنان کے وزیر داخلہ احمد الحجار نے وزارت داخلہ میں ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان سیکیورٹی، انسداد دہشت گردی، منشیات کی روک تھام، غیر قانونی امیگریشن، منی لانڈرنگ اور سائبر کرائم سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

لبنانی وزیر داخلہ احمد الحجار کی وزارت داخلہ آمد پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ دونوں وزرائے داخلہ کے درمیان پہلے ون آن ون ملاقات ہوئی، جس کے بعد پاکستان اور لبنان کے وفود کے درمیان مذاکرات کا دور ہوا۔

ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان داخلی سلامتی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ فریقین نے دہشت گردی اور منشیات کے خلاف مؤثر کارروائی کے لیے انٹیلی جنس معلومات کے تبادلے کو مزید فعال بنانے پر زور دیا، جبکہ ابھرتے ہوئے سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے باہمی تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

مذاکرات کے دوران پولیس اکیڈمیوں اور تربیتی پروگراموں کے درمیان تعاون کو فروغ دینے کا معاملہ بھی زیر بحث آیا۔ دونوں جانب سے اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد کار میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔

پاکستان اور لبنان نے دونوں ممالک کی وزارت ہائے داخلہ کے درمیان باہمی تعاون کو مزید منظم اور مؤثر بنانے کے لیے جلد از جلد مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کرنے کا فیصلہ کیا۔ اس مقصد کے لیے دونوں ممالک کی جانب سے فوکل پرسنز مقرر کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا تاکہ باہمی رابطہ اور رابطہ کاری کا عمل تیز کیا جا سکے۔

ملاقات میں انسداد منشیات کے شعبے میں موجودہ مفاہمتی یادداشت پر مکمل عمل درآمد یقینی بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ دونوں وزرائے داخلہ نے دہشت گردوں، منشیات کے اسمگلروں اور دیگر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مشترکہ کوششوں اور معلومات کے تبادلے کی اہمیت پر زور دیا۔

اس موقع پر خطے کی مجموعی صورتحال اور پائیدار امن کے لیے پاکستان کی کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں فریقوں نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ اور سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے باہمی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

ملاقات میں پاکستان اور لبنان کے سفارتی اور سرکاری پاسپورٹ رکھنے والے شہریوں کے لیے ویزا فری داخلے کی سہولت فراہم کرنے کی تجویز بھی زیر بحث آئی۔ اس حوالے سے دونوں ممالک کے درمیان مزید پیش رفت اور تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ لبنانی ہم منصب کا دورہ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے نئے مواقع پیدا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان لبنان کے ساتھ باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔

لبنان کے وزیر داخلہ احمد الحجار نے اپنے پاکستانی ہم منصب محسن نقوی کی جانب سے دورے کے دوران پرتپاک میزبانی پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان لبنان کا برادر ملک ہے اور لبنان باہمی دلچسپی کے شعبوں، بالخصوص داخلی سلامتی کے میدان میں تعاون کو مزید آگے بڑھانا چاہتا ہے۔

احمد الحجار نے کہا کہ پاکستان اور لبنان ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کر سکتے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان سیکیورٹی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔

ملاقات میں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، وفاقی سیکریٹری داخلہ، چیئرمین نادرا، ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے، ڈائریکٹر جنرل اے این ایف، انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کانسٹیبلری، ڈائریکٹر جنرل پاسپورٹس اینڈ امیگریشن، چیف کمشنر اسلام آباد، انسپکٹر جنرل اسلام آباد پولیس، ڈائریکٹر جنرل نیشنل فرانزک ایجنسی، اسپیشل سیکریٹری اور ایڈیشنل سیکریٹریز وزارت داخلہ سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

ملاقات کے اختتام پر دونوں وزرائے داخلہ نے پاکستان اور لبنان کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور سیکیورٹی سمیت مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

پاکستان - لبنان
Comments (0)
Add Comment