فیلڈ مارشل، میں اور قوم سعودیہ کے ساتھ ہیں، وزیراعظم کا ولی عہد سے رابطہ، آئل ٹینکرز پر حملے کی مذمت
دونوں رہنماؤں کا خطے کی تازہ صورتحال، بحیرہ احمر میں پیش آنے والے واقعات اور علاقائی سلامتی سے متعلق امور پر تبادلۂ خیال
اسلام آباد: (نمائندہ خصوصی) وزیراعظم شہباز شریف نے بحیرہ احمر میں سعودی آئل ٹینکرز پر حوثی ملیشیا کے حملوں کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان، اس کی مسلح افواج اور پوری قوم اس نازک وقت میں سعودی عرب کی قیادت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑے ہیں۔
ا
وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کے درمیان ٹیلی فون پر رابطہ ہوا، جس میں دونوں رہنماؤں نے خطے کی تازہ صورتحال، بحیرہ احمر میں پیش آنے والے واقعات اور علاقائی سلامتی سے متعلق امور پر تبادلۂ خیال کیا۔
وزیراعظم نے گفتگو کے دوران سعودی آئل ٹینکرز پر حوثی ملیشیا کے حملوں کو بزدلانہ اور ناقابلِ قبول قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے حملے بین الاقوامی قانون کی صریح خلاف ورزی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس نوعیت کی کارروائیاں جہاز رانی اور عالمی تجارتی نقل و حمل کی آزادی کے لیے سنگین خطرہ ہیں اور خطے کے امن، سلامتی اور استحکام کو نقصان پہنچانے کا باعث بنتی ہیں۔
شہباز شریف نے سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا، "میں، فیلڈ مارشل اور پوری پاکستانی قوم اس نازک وقت میں سعودی قیادت اور برادر عوام کے ساتھ مضبوطی اور عزم کے ساتھ کھڑے ہیں۔”
انہوں نے مملکت سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری، علاقائی سالمیت اور خوشحالی کے لیے پاکستان کی مکمل اور غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور سلامتی کے فروغ کے لیے سعودی عرب اور عالمی برادری کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھے گا۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان بحیرہ احمر، آبنائے ہرمز اور دیگر اہم سمندری تجارتی راستوں پر آزاد اور بلا تعطل جہاز رانی کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔
گفتگو کے اختتام پر وزیراعظم شہباز شریف نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے لیے نیک تمناؤں اور خیرسگالی کے جذبات کا اظہار کیا، جبکہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے پاکستان کی مستقل حمایت اور دونوں برادر ممالک کے درمیان مضبوط اور تاریخی تعلقات کو سراہا۔