فیفاورلڈکپ2026: ارجنٹینا نے مصر سے یقینی جیت چھین لی

فیفا ورلڈکپ2026: ارجنٹینا نے مصر سے یقینی جیت چھین لی

اینزو فرنینڈس نے انجری ٹائم میں فیصلہ کن گول داغ کر ارجنٹینا کو 2-3 کی یادگار فتح دلا دی

 

فیفا ورلڈکپ کے ناک آؤٹ مرحلے میں ایک ایسا سنسنی خیز مقابلہ دیکھنے کو ملا جس نے شائقینِ فٹبال کو آخری سیکنڈ تک اپنی نشستوں سے اٹھنے نہ دیا۔ پہلی بار ورلڈکپ کے ناک آؤٹ مرحلے میں کھیلنے والی مصر نے دفاعی چیمپئن ارجنٹینا کو شکست کے دہانے تک پہنچا دیا، مگر لیونل میسی کی ٹیم نے آخری لمحات میں شاندار واپسی کرتے ہوئے 2-3 سے تاریخی کامیابی اپنے نام کرلی۔

امریکا کے اٹلانٹا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس اعصاب شکن مقابلے میں محمد صلاح کی قیادت میں مصر نے آغاز ہی سے جارحانہ حکمتِ عملی اپنائی اور ارجنٹینا کے دفاع پر مسلسل دباؤ برقرار رکھا۔

مصری ٹیم کو اپنی عمدہ کارکردگی کا صلہ صرف 15ویں منٹ میں ملا، جب یاسر ابراہیم نے شاندار گول کرکے اپنی ٹیم کو 0-1 کی برتری دلادی اور اسٹیڈیم میں موجود ہزاروں شائقین کو حیرت میں ڈال دیا۔

میچ کے 21ویں منٹ میں ارجنٹینا کو پنالٹی ملی تو سب کی نظریں لیونل میسی پر جم گئیں، لیکن مصری گول کیپر نے غیرمعمولی مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے میسی کی طاقتور شاٹ روک کر دنیا بھر کے فٹبال شائقین کو حیران کردیا۔

دوسرے ہاف میں بھی مصر نے اپنی برتری برقرار رکھی اور 67ویں منٹ میں مصطفیٰ زیکو نے ایک اور خوبصورت گول کرکے اسکور 0-2 کردیا۔ اس موقع پر ایسا محسوس ہونے لگا کہ مصر ایک بڑا اپ سیٹ کرتے ہوئے دفاعی چیمپئن کو ورلڈکپ سے باہر کردے گا۔

مگر ارجنٹینا نے ہمت نہ ہاری۔ 79ویں منٹ میں رومیرو نے گول کرکے امید کی کرن روشن کی، جبکہ صرف چار منٹ بعد 83ویں منٹ میں لیونل میسی نے شاندار گول کرکے مقابلہ 2-2 سے برابر کردیا اور میچ کا نقشہ ہی بدل ڈالا۔

جب میچ اضافی وقت میں داخل ہوا اور پنالٹی شوٹ آؤٹ کا امکان بڑھنے لگا تو اینزو فرنینڈس نے انجری ٹائم میں فیصلہ کن گول داغ کر ارجنٹینا کو 2-3 کی یادگار فتح دلا دی۔ آخری سیٹی بجتے ہی ارجنٹائن کے کھلاڑیوں اور مداحوں کا جشن دیدنی تھا، جبکہ مصر کی تاریخی جدوجہد افسوسناک شکست میں تبدیل ہوگئی۔

اس شاندار فتح کے ساتھ ارجنٹینا نے کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی، جہاں اس کا مقابلہ سوئٹزرلینڈ اور کولمبیا کے درمیان ہونے والے میچ کی فاتح ٹیم سے ہوگا۔

فیفاورلڈکپ2026
Comments (0)
Add Comment