عاشور سے محبت کرنے والی قوم کو کھوکھلی دھمکیوں سے خوف زدہ نہیں کیا جاسکتا، علی لاریجانی
پہلے بھی کئی لوگوں نے ایسے دعوئے کیے لیکن ناکام رہے، سکرٹری نیشنل سیکیورٹی کونسل
ایران کی نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری جنرل علی لاریجانی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حالیہ دھمکیوں پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ عاشور سے محبت کرنے والی قوم کو کھوکھلی دھمکیوں سے خوف زدہ نہیں کیا جا سکتا۔
اپنے بیان میں علی لاریجانی نے کہا کہ اس سے پہلے بھی کئی افراد نے ایران کے خلاف اسی نوعیت کے دعوے کیے، تاہم وہ اپنے مقاصد میں ناکام رہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ایسے بیانات دینے والے خود احتیاط کریں، کہیں ایسا نہ ہو کہ وہ خود ہی مٹ جائیں۔
ایرانی عہدیدار نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں مزید کہا کہ آبنائے ہرمز خطے میں امن اور خوشحالی کا راستہ بن سکتی ہے، تاہم اگر جنگ پسند قوتوں نے کشیدگی کو بڑھایا تو یہی گزرگاہ ان کے لیے شکست اور مشکلات کا باعث بن جائے گی۔
خیال رہے کہ امریکی صدر نے ایران کو دھمکی دیتے ہوئے کہا تھا کہ اگر ایران نے آبنائے ہرمز کو بند رکھا تو اس پر موت، آگ اور قہر برسے گا،بیس گنا زیادہ سختی سے نمٹا جائے گا۔