سیکیورٹی فورسز کا شمالی وزیرستان میں آپریشن، 5بھارتی حمایت یافتہ خوارج ہلاک، میجر حافظ احسان الٰہی شہید

سیکیورٹی فورسز کا شمالی وزیرستان میں آپریشن، 5بھارتی حمایت یافتہ خوارج ہلاک، میجر حافظ احسان الٰہی شہید

ہلاک دہشت گرد سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے، آئی ایس پی آر

 رزمک آپریشن میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے پانچ دہشت گردوں کو انجام تک پہنچانا سکیورٹی فورسز کی جرات اور عزم کا مظہر ہے، صدر، وزیراعظم

 راولپنڈی:  سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیاجس کے دوران 5 بھارتی حمایت یافتہ خوارج ہلاک کردیے گئے، میجر حافظ احسان الٰہی نے اپنے دستوں کی قیادت کرتے ہوئے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا

صدر مملکت آصف علی زر داری اور وزیر اعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ رزمک آپریشن میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے پانچ دہشت گردوں کو انجام تک پہنچانا سکیورٹی فورسز کی جرات اور عزم کا مظہر ہے۔ مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے میں میجر حافظ احسان الٰہی شہید ہوگئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق میجر حافظ احسان الٰہی نے اپنے دستوں کی قیادت کرتے ہوئے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔

 شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق مارے گئے خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا۔ ہلاک دہشت گرد سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق مارے گئے خوارج بیگناہ شہریوں کے قتل میں بھی ملوث تھے، علاقے میں موجود دیگر ممکنہ خوارج کے خاتمے کے لیے سرچ اینڈ کلیرنس آپریشن جاری ہے۔ مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سیکورٹی فورسز کی عزمِ استحکام کے وژن کے تحت دہشت گردی کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں وطن عزیز کی حفاظت اور سلامتی یقینی بنانے کے ہمارے غیر متزلزل عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔اپنے بیان میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے شمالی وزیرستان میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ رزمک آپریشن میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے پانچ دہشت گردوں کو انجام تک پہنچانا سکیورٹی فورسز کی جرات اور عزم کا مظہر ہے۔

 انہوں نے آپریشن کے دوران جامِ شہادت نوش کرنے والے میجر حافظ احسان الٰہی کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم اپنے بہادر سپوتوں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔ صدرِ مملکت نے کہا کہ میجر حافظ احسان الٰہی شہید نے وطن کے دفاع میں اپنی جان کا نذرانہ دے کر فرض شناسی، جرات اور قیادت کی اعلیٰ مثال قائم کی۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کی عظیم قربانیاں پاکستان کے دفاع کے قومی عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے ہفتہ کو جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے آپریشن میں فتنہ الخوارج کے 5 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کی ستائش کی۔ وزیراعظم نے آپریشن کے دوران دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے پاک فوج کے میجر حافظ احسان الٰہی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شہید کے درجات کی بلندی کی دعا کی اور ان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا۔

 وزیر اعظم نے کہا کہ”عزم استحکام“کے ویژن کے تحت دہشت گردی کے خلاف سکیورٹی فورسز شاندار کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں۔ ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پر عزم ہیں۔

سیکیورٹی فورسز -خبیر پختونخوا
Comments (0)
Add Comment