سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کی سرحد پرافغان طالبان رجیم کے 4 ڈرونزمارگرائے: آئی ایس پی آر

سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کی سرحد پرافغان طالبان رجیم کے 4 ڈرونز مارگرائے: آئی ایس پی آر

ڈرونزکو مضبوط فضائی دفاعی نظام نےبروقت شناخت کر لیا

راولپنڈی: پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کی سرحد پر افغانستان سے پاکستان میں داخل ہونے والے چار ڈرونز کو بروقت کارروائی کرتے ہوئے کامیابی سے مار گرایا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 30 جون کو افغان طالبان حکومت کے زیرِ کنٹرول علاقوں سے سرگرم دہشت گرد تنظیموں کی سرپرستی میں چار ڈرونز بلوچستان کی سرحد کی جانب بھیجے گئے، تاہم پاکستان کے فضائی دفاعی نظام نے فوری طور پر ان کی نشاندہی کرتے ہوئے مؤثر جوابی کارروائی کی اور تمام ڈرونز کو تباہ کر دیا۔

بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کا فضائی دفاعی نیٹ ورک ہر وقت مکمل طور پر متحرک ہے اور سکیورٹی فورسز جدید دفاعی صلاحیتوں کے ذریعے کسی بھی فضائی خطرے سے نمٹنے کی بھرپور استعداد رکھتی ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت اور بروقت ردِعمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کے تمام مذموم عزائم ناکام بنا دیے۔ بیان میں افغان طالبان حکومت پر زور دیا گیا کہ وہ اپنے زیرِ کنٹرول علاقوں میں دہشت گرد عناصر کی سرپرستی ترک کرے اور ایسے اقدامات سے باز رہے جو خطے کے امن و استحکام کو متاثر کرتے ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ افغان طالبان کا غیر ذمہ دارانہ طرزِ عمل افغان عوام کی مشکلات میں اضافے کا باعث بن رہا ہے، اس لیے انہیں پُرامن بقائے باہمی کے اصولوں پر عمل کرنا چاہیے۔

آئی ایس پی آر نے خبردار کیا کہ اگر پاکستان کے خلاف سرحد پار اشتعال انگیزی کا سلسلہ جاری رہا تو اس کا مؤثر، فیصلہ کن اور بھرپور جواب دیا جائے گا، جس کی بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔

بیان کے مطابق پاکستان کی مسلح افواج ہر وقت مکمل طور پر چوکس ہیں اور وطنِ عزیز کے ایک ایک انچ کے دفاع کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔ آئی ایس پی آر نے کہا کہ سرحد پار کسی بھی جارحیت کا جواب "آپریشن غضبُ الحق” کے تحت فوری اور مؤثر انداز میں دیا جاتا رہے گا۔

آئی ایس پی آر
Comments (0)
Add Comment