سات ماہ سے سمندر میں موجود یو ایس ایس ابراہم لنکن پر حالات کیسے ہیں؟ امریکی سینیٹر نے جواب طلب کر لیا
امریکی سینیٹر رچرڈ بلومینتھل نے طویل عرصے سے سمندر میں موجود طیارہ بردار بحری جہاز یو ایس ایس ابراہم لنکن پر تعینات امریکی بحری اہلکاروں کو درپیش مشکلات پر وزیرِ دفاع پیٹ ہیگستھ اور قائم مقام سیکریٹری نیوی ہنگ کاؤ سے وضاحت طلب کرلی۔
رچرڈ بلومینتھل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک بیان میں پیٹ ہیگستھ اور ہنگ کاؤ کو ارسال کیے گئے خط کی کاپی بھی شیئر کی۔ سینیٹر نے کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ کو وضاحت کرنی چاہیے کہ وہ یو ایس ایس ابراہم لنکن پر تعینات اہلکاروں کی فلاح و بہبود اور ضروری سہولیات کی فراہمی کے لیے کیا اقدامات کر رہی ہے، کیونکہ یہ اہلکار تقریباً سات ماہ سے مسلسل سمندر میں موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جہاز پر موجود اہلکاروں سے متعلق سامنے آنے والی رپورٹس تشویشناک ہیں۔ ان رپورٹس میں رسد کی قلت، پلمبنگ کے مسائل، ذہنی صحت سے متعلق مشکلات اور طویل تعیناتی کے باعث پیدا ہونے والے دیگر مسائل کا ذکر کیا گیا ہے۔
بلومینتھل کے مطابق ان مسائل کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا اور امریکی محکمہ دفاع کو فوری طور پر صورتحال کا جائزہ لے کر بحری اہلکاروں کو درکار معاونت فراہم کرنی چاہیے۔
یو ایس ایس ابراہم لنکن اسٹرائیک گروپ کی طویل تعیناتی امریکی بحریہ کے لیے بھی ایک اہم معاملہ بن چکی ہے۔ یہ طیارہ بردار جہاز اس وقت سے سمندر میں موجود ہے جب جنوری کے اواخر میں امریکی بحری بیڑے کی خطے میں تعیناتی میں اضافہ کیا گیا تھا۔