جاپان سندھ میں سیلاب سے بچاؤ کیلیے 16.4 ملین ڈالر کی گرانٹ دے گا، معاہدے پر دستخط
اسلام آباد: پاکستان اور جاپان کے درمیان سیلاب سے تحفظ کے منصوبے کے لیے گرانٹ معاہدے پر دستخط ہوگئے۔وزارت اقتصادی امور کے مطابق جاپان سندھ میں سیلاب سے تحفظ کے منصوبے کے لیے 2.58 ارب جاپانی ین کی گرانٹ فراہم کرے گا۔
ایکسچینج آف نوٹس اور ریکارڈ آف ڈسکشن پر سیکرٹری اقتصادی امور محمد حمیر کریم اور جاپانی سفیر اکاماتسو شوئچی نے دستخط کیے۔گرانٹ معاہدے پر ایڈیشنل سیکرٹری اقتصادی امور سبینہ قریشی اور جائیکا کے سینئر نمائندے سوگاوارا تاکایوکی نے دستخط کیے۔
جاپانی گرانٹ کی مالیت تقریباً 16.4 ملین امریکی ڈالر ہے۔منصوبے کا مقصد سندھ میں سیلاب سے بچاؤ کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانا ہے۔منصوبے سے سیلاب کے خطرات سے دوچار آبادیوں کی قدرتی آفات سے نمٹنے کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔منصوبے کے تحت لاڑکانہ میں دریائے سندھ کے دائیں کنارے واقع اولڈ آباد بند کو بہتر اور مضبوط بنایا جائے گا۔
سیکرٹری اقتصادی امور کا کہنا ہے کہ جاپان پاکستان کا دیرینہ اور قابلِ قدر ترقیاتی شراکت دار ہے۔جاپان کی مسلسل دوستی اور فراخدلانہ ترقیاتی معاونت قابلِ قدر ہے۔پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے جاپان کے پائیدار عزم کو سراہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ دوستانہ تعلقات اور دوطرفہ تعاون مزید مضبوط بنائیں گے۔