بھارتی اداکارہ دل کا دورہ پڑنے سے چل بسیں
اداکارہکی موت کے حوالے سے تاحال ان کے اہلِ خانہ کی جانب سے کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا
ہریانہ سے تعلق رکھنے والی ابھرتی ہوئی اداکارہ دیویانکا سیروہی 30 سال کی عمر میں چل بسیں، جس کی خبر نے شوبز انڈسٹری اور ان کے مداحوں کو شدید صدمے میں مبتلا کر دیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ پیر کی رات (21 اپریل) کو پیش آیا جب دیویانکا کو اتر پردیش میں اپنے گھر میں اچانک دل کا دورہ پڑا۔ اہلِ خانہ انہیں فوراً قریبی اسپتال لے گئے، تاہم ڈاکٹروں نے پہنچنے پر ان کی موت کی تصدیق کر دی۔
ان کے انتقال کی خبر سامنے آتے ہی سوشل میڈیا پر تعزیتی پیغامات کا سلسلہ شروع ہو گیا اور متعدد فنکاروں نے ان کے اہلِ خانہ سے ہمدردی اور افسوس کا اظہار کیا۔ تاہم ابھی تک ان کے خاندان کی جانب سے اس واقعے پر کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔
دیویانکا سیروہی کا تعلق اصل میں اتر پردیش سے تھا اور وہ اس وقت غازی آباد میں اپنے والدین اور دادی کے ساتھ رہ رہی تھیں۔ انہوں نے اپنی شناخت علاقائی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں بنائی اور کئی میوزک ویڈیوز میں اداکاری کے جوہر دکھائے، جن میں گلوکار معصوم شرما کے ساتھ ان کے متعدد گانے شامل ہیں۔
انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹک ٹاک سے کیا تھا، جہاں ایک ویڈیو وائرل ہونے کے بعد انہیں نمایاں شہرت ملی۔ بعد ازاں وہ انسٹاگرام اور دیگر پلیٹ فارمز پر بھی کافی مقبول ہو گئیں، جہاں ان کے فالوورز کی تعداد 1.3 ملین سے زائد تھی۔
ان کی اچانک وفات کو مداح اور شوبز حلقے ایک بڑا نقصان قرار دے رہے ہیں۔