بلوچستان کی تقدیر صرف بلوچستان کےعوام کے ہاتھ میں ہے، دشمن کے مذموم عزائم ناکام بنائیں گے: فیلڈ مارشل عاصم منیر

بلوچستان کی تقدیر صرف بلوچستان کےعوام کے ہاتھ میں ہے، دشمن کے مذموم عزائم ناکام بنائیں گے: فیلڈ مارشل عاصم منیر

اسلام آباد: چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا ہے کہ بلوچستان اور پاکستان کا حال اور مستقبل ایک ہے اور ہمیشہ ایک رہے گا، بلوچستان کی تقدیر صرف صوبے کے عوام کے ہاتھ میں ہے، جبکہ ریاست کے غیرمتزلزل، پُرعزم اور فیصلہ کن ردعمل سے ملک دشمن عناصر کے مذموم عزائم ناکام بنائے جائیں گے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بلوچستان کی اہم شخصیات اور سیاسی قیادت سے ملاقات کی، جس میں صوبے کی مجموعی صورتحال، امن و استحکام، ترقی اور نوجوانوں کے مستقبل سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ بلوچستان باصلاحیت، ثابت قدم، محب وطن اور باوقار عوام سے مالا مال ہے۔ صوبے کے نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں اور انہیں آگے بڑھنے کے لیے مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔

چیف آف ڈیفنس فورسز نے کہا کہ فتنہ الخوارج اور فتنۃ الہندوستان بلوچستان کو غیر مستحکم کرنے کے لیے استعمال ہونے والے غیر ملکی سرپرستی یافتہ پراکسیز ہیں، جن کا مقصد صوبے کی ترقی میں رکاوٹ ڈالنے کے ساتھ ساتھ ریاست اور عوام کے درمیان خلیج پیدا کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان معاشرے کا سب سے متحرک اور امید افزا طبقہ ہیں، اس لیے انہیں دشمن کے گمراہ کن پروپیگنڈے سے محفوظ رکھنا ضروری ہے۔ ریاست کے غیرمتزلزل، پُرعزم اور فیصلہ کن ردعمل سے دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا جائے گا۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے زور دیا کہ دشمن کے پروپیگنڈے کا جامع اور بلاجھجھک مقابلہ کیا جائے اور جھوٹے بیانیوں کو مؤثر انداز میں بے نقاب کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان اور اس کے عوام کی حقیقی صلاحیت، ترقی اور امنگوں کو اجاگر کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

چیف آف ڈیفنس فورسز کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں امن اور استحکام سے سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں، جو صوبے کی معاشی ترقی اور عوام کی خوشحالی میں اہم کردار ادا کریں گے۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان کی ترقی، امن اور استحکام کے لیے ریاستی کوششیں جاری رہیں گی اور عوام کی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر صوبے کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جائے گا۔

بلوچستان - پاکستانچیف آف ڈینفس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر
Comments (0)
Add Comment