بلوچستان کا امن، خوش حالی اور فلاح ریاست کی کوششوں کا مرکزی محور ہے: فیلڈ مارشل عاصم منیر

بلوچستان کا امن، خوش حالی اور فلاح ریاست کی کوششوں کا مرکزی محور ہے: فیلڈ مارشل عاصم منیر

چیف آف ڈیفنس فورسز نے افسران اور جوانوں کی اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں، آپریشنل تیاری اور بے لوث عزم کو سراہا۔ آئی ایس پی آر

کوئٹہ: چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا ہے کہ بلوچستان کے عوام کا امن، خوش حالی اور فلاح و بہبود ریاست کی کوششوں کا مرکزی محور ہے، جبکہ صوبے میں پائیدار امن اور مستحکم سیکیورٹی ماحول ترقیاتی منصوبوں، معاشی سرگرمیوں اور عوام کے بہتر مستقبل کی بنیاد فراہم کرے گا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کوئٹہ گیریژن کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے فیلڈ فارمیشنز کے کمانڈرز اور کمانڈنگ افسران سے ملاقات کی۔

اس موقع پر فیلڈ مارشل عاصم منیر کو بلوچستان کی مجموعی سیکیورٹی صورت حال، آپریشنل تیاریوں اور صوبے میں امن و استحکام برقرار رکھنے کے لیے جاری اقدامات پر جامع بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ کے دوران ادارہ جاتی رابطہ کاری اور بلوچستان کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے جاری تعاون سے متعلق امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف ڈیفنس فورسز نے افسران اور جوانوں کی اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں، آپریشنل تیاری اور بے لوث عزم کو سراہا۔ انہوں نے امن و امان کے استحکام اور معاشی سرگرمیوں و ترقی کے لیے سازگار ماحول برقرار رکھنے کی غرض سے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور دیگر ریاستی اداروں کے درمیان مسلسل اور مؤثر رابطہ کاری کی اہمیت پر زور دیا۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کی سلامتی، خوش حالی اور فلاح و بہبود ریاست کی کوششوں کا بنیادی مرکز ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایک محفوظ اور مستحکم ماحول صوبے میں ترقیاتی منصوبوں، معاشی مواقع اور عوام کی بہتری کے لیے سازگار ثابت ہوگا۔

چیف آف ڈیفنس فورسز نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شہدا کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے دفاع اور امن کے قیام کے لیے دی جانے والی قربانیاں قوم کے لیے مشعل راہ ہیں۔ انہوں نے فرائض کی انجام دہی میں افسران اور جوانوں کی ثابت قدمی، پیشہ ورانہ لگن اور عزم کو بھی سراہا۔

قبل ازیں کوئٹہ گیریژن پہنچنے پر فیلڈ مارشل عاصم منیر کا استقبال کمانڈر کوئٹہ کور نے کیا۔

چیف آف ڈینفس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر
Comments (0)
Add Comment