بلوچستان: سیکیورٹی فورسز کی مستونگ، کوئٹہ، قلات اور سبی کی کارروائیاں، 36 دہشت گرد ہلاک
کوئٹہ: سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران متعدد انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کرتے ہوئے 36 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کارروائیاں مستونگ، کوئٹہ، قلات اور سبی کے مختلف علاقوں میں کی گئیں، جن کے دوران بھارتی اسپانسرڈ پراکسیز، فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج سے وابستہ دہشت گردوں کو نشانہ بنایا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مستونگ میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے 6 بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں گولہ بارود اور دیسی ساختہ دھماکا خیز آلات (آئی ای ڈیز) برآمد ہوئے، جنہیں موقع پر ہی ناکارہ بنا دیا گیا۔
ضلع کوئٹہ کے علاقے شعبان میں بھی ایک انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائی کے دوران فتنہ الخوارج کے 4 ٹھکانوں کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں 26 خوارج ہلاک ہوئے۔
قلات میں ہونے والے ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے پر کارروائی کی، جس میں 2 بھارتی اسپانسرڈ دہشت گرد مارے گئے۔
اسی طرح ضلع سبی کے علاقے بھاگ میں سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے 2 بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری رہیں گی، جبکہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشنز میں قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سیکیورٹی فورسز کا عزم برقرار ہے۔