ایران کاجنوب مغرب میں امریکی MQ-9 ڈرون کو مار گرانےئ کا دعویٰ
ایران کا دعویٰ: اہواز میں امریکی MQ-9 ڈرون مار گرایا، مزید امریکی کارروائی پر تباہ کن جواب کی دھمکی
تہران: ایران کے اسلامی انقلابی گارڈز کور (IRGC) نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کی ایرو اسپیس فورس نے جنوب مغربی شہر اہواز کی فضائی حدود میں ایک امریکی MQ-9 ریپر ڈرون کو جدید فضائی دفاعی نظام کے ذریعے مار گرایا ہے۔
آئی آر جی سی کی جانب سے اتوار کو جاری بیان میں کہا گیا کہ امریکی بغیر پائلٹ طیارے کو ایران کے مربوط فضائی دفاعی نیٹ ورک کے تحت کام کرنے والے ایرو اسپیس فورس کے جدید دفاعی نظام نے کامیابی سے نشانہ بنایا۔ تاہم، امریکی حکام کی جانب سے اس دعوے کی فوری طور پر کوئی تصدیق یا ردعمل سامنے نہیں آیا۔
دوسری جانب ایرانی فوج نے بھی امریکہ کے خلاف اپنی جوابی کارروائیوں میں مزید شدت لانے کا دعویٰ کیا ہے۔ فوج کے مطابق آپریشن تھنڈربولٹ کے 16ویں اور 17ویں مرحلے کے دوران کویت میں واقع دو اہم امریکی فوجی تنصیبات کو دھماکا خیز ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔
ایرانی فوج کا کہنا ہے کہ یہ کارروائیاں حالیہ امریکی حملوں کے جواب میں کی گئیں، جن میں ایران کے مطابق شہری ہلاکتیں ہوئیں اور ملک کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنایا گیا۔
ادھر ایران کے خاتم الانبیاء مرکزی ہیڈکوارٹر کے کمانڈر میجر جنرل علی عبداللہی نے امریکہ کو سخت خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر واشنگٹن نے ایران کے خلاف مزید جارحیت کی تو ایرانی مسلح افواج اس کا "فیصلہ کن اور تباہ کن” جواب دیں گی۔
انہوں نے کہا کہ ایرانی افواج اپنی قیادت کے احکامات کے تحت ملکی خودمختاری اور سلامتی کے دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں اور کسی بھی نئی امریکی کارروائی کی صورت میں ایسا جواب دیا جائے گا جس کی قیمت امریکہ کو ماضی کے مقابلے میں کہیں زیادہ چکانا پڑے گی۔
ایرانی حکام کا مؤقف ہے کہ ملک کی دفاعی صلاحیتیں مسلسل مضبوط ہو رہی ہیں اور فضائی دفاعی نظام کسی بھی بیرونی خطرے کا مؤثر انداز میں مقابلہ کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔
نوٹ: اس خبر میں شامل امریکی ڈرون کی تباہی اور دیگر فوجی کارروائیوں سے متعلق دعوے ایرانی حکام اور سرکاری ذرائع کی جانب سے کیے گئے ہیں، جن کی آزاد ذرائع سے فوری طور پر تصدیق نہیں ہو سکی۔