ایران دو عالمی دہشتگرد افواج کیخلاف تاریخی مزاحمت کر رہا ہے، مجتبیٰ خامنہ ای
یرانی قوم کی یہی یکجہتی ملک کی سب سے بڑی طاقت ہے، جو ہر بحران میں ایران کو مضبوط بناتی ہے۔ ایرانی سپریم پ لیڈر
ایران کے سابق صدر ابراہیم رئیسی اور ان کے ہمراہ ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہونے والے دیگر افراد کی دوسری برسی کے موقع پر ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے ایک اہم تحریری پیغام جاری کیا ہے، جس میں انہوں نے ایران کو درپیش چیلنجز، قومی اتحاد اور مرحوم صدر ابراہیم رئیسی کی خدمات پر تفصیلی اظہارِ خیال کیا۔
اپنے پیغام میں ایرانی سپریم لیڈر نے کہا کہ ایران اس وقت دو عالمی دہشت گرد قوتوں کے خلاف ایک تاریخی اور منفرد مزاحمت کی جنگ لڑ رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ موجودہ حالات نے ایرانی حکومت اور اس کے اعلیٰ حکام کی ذمہ داریوں میں پہلے سے کہیں زیادہ اضافہ کر دیا ہے، تاہم اس کے باوجود ایرانی قیادت ملک کے مفادات اور عوام کے تحفظ کے لیے ثابت قدم ہے۔
انہوں نے ایرانی عوام کے اتحاد، یکجہتی اور قومی جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ قوم نے مشکل حالات میں جس صبر اور استقامت کا مظاہرہ کیا، وہ قابلِ تحسین ہے۔ ان کے مطابق ایرانی قوم کی یہی یکجہتی ملک کی سب سے بڑی طاقت ہے، جو ہر بحران میں ایران کو مضبوط بناتی ہے۔
سپریم لیڈر نے مرحوم صدر ابراہیم رئیسی کی شخصیت اور خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک ذمہ دار، محنتی اور عوام دوست رہنما تھے۔ انہوں نے کہا کہ انصاف پر توجہ، فعال سفارت کاری، عوامی مسائل کے حل کے لیے مسلسل کوششیں اور لوگوں کے قریب رہنا ابراہیم رئیسی کی نمایاں خصوصیات تھیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ابراہیم رئیسی کی یہ خصوصیات نہ صرف ایرانی عوام بلکہ ایران کے اتحادیوں اور مزاحمتی محاذ کے حامیوں کے لیے بھی حوصلہ افزائی کا باعث رہیں گی۔ ان کے مطابق مزاحمتی محاذ کے مجاہدین اور ایران کے خیرخواہ عناصر مرحوم صدر کی خدمات اور نظریات کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔
عرب میڈیا کے مطابق ایران میں ابراہیم رئیسی اور دیگر جاں بحق افراد کی برسی کے موقع پر مختلف تقریبات اور دعائیہ اجتماعات کا بھی انعقاد کیا گیا، جہاں انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔