امریکی چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل کا صدر ٹرمپ کو ایران کے خلاف جنگ ختم کرنے کی راہ تلاش کرنے کا مشورہ

امریکی چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل کا صدر ٹرمپ کو ایران کے خلاف جنگ ختم کرنے کی راہ تلاش کرنے کا مشورہ

واشنگٹن: امریکی چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل ڈین کین نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ایران کے خلاف جنگ ختم کرنے کی راہ تلاش کرنے کا مشورہ دے دیا۔

امریکی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق جنرل ڈین کین ایران کے ساتھ جاری جنگ سے نکلنے کے امکانات پر غور کر رہے ہیں، کیونکہ ان کا مؤقف ہے کہ جنگ کو مزید وسعت دینے کے فوجی آپشنز کے نتائج الٹے پڑ سکتے ہیں اور صرف فضائی طاقت کے ذریعے ایران کے خلاف جنگ جیتنا ممکن نہیں۔

رپورٹ کے مطابق جنرل ڈین کین نے جنگ میں مزید شدت پیدا کرنے کے حوالے سے اپنی تشویش سی آئی اے کے ڈائریکٹر جان ریٹکلف، وزیر خارجہ مارکو روبیو اور نائب صدر جے ڈی وینس کے سامنے بھی ظاہر کی ہے۔ انہوں نے جنگ کے خاتمے کے ممکنہ راستے تلاش کرنے کا عندیہ بھی دیا ہے۔

امریکی ٹی وی کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران میں زمینی فوج بھیجنے کے خواہاں نہیں اور ان کا خیال ہے کہ مسلسل فضائی حملوں کے ذریعے تہران کو مذاکرات اور کسی معاہدے پر آمادہ کیا جا سکتا ہے۔ تاہم جنرل ڈین کین سمیت امریکی حکام کے ایک حلقے کا خیال ہے کہ محض فضائی حملے مطلوبہ نتائج حاصل نہیں کر سکیں گے، اس لیے دیگر آپشنز پر بھی غور ضروری ہے۔

رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ ایران میں پلوں، توانائی کے مراکز اور دیگر اہم تنصیبات کو نشانہ بنانے سے ایرانی عوام کی حمایت حاصل ہونے کے بجائے امریکا کے خلاف عوامی ردعمل مزید بڑھ سکتا ہے، جس کے نتیجے میں جنگ کے سیاسی اور عسکری اثرات واشنگٹن کے لیے مزید پیچیدہ ہو سکتے ہیں۔

دوسری جانب امریکی سینٹرل کمانڈ ایران کے خلاف جاری فوجی کارروائی کو آگے بڑھانے کے حق میں بتائی جاتی ہے، جبکہ اسرائیل بھی تنازع کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔

ایسے میں امریکی قیادت کو ایک جانب جنگی کارروائیوں میں اضافے کے مطالبات اور دوسری جانب تنازع سے نکلنے کے لیے بڑھتے ہوئے دباؤ کے درمیان اہم فیصلہ کرنا ہوگا۔

جوائنٹ چیفس آف سٹاف جنرل ڈین کین
Comments (0)
Add Comment