امریکی ایوانِ نمائندگان میں پاکستان کی امن کوششوں کی ستائش کی قرارداد پیش، قابل اعتماد ثالث قرار

امریکی ایوانِ نمائندگان میں پاکستان کی امن کوششوں کی ستائش کی قرارداد پیش، قابل اعتماد ثالث قرار

قرارداد امریکی کانگریس کے رکن ال گرین نے واشنگٹن میں پیش کی

پاکستان کی ایران جنگ میں امن اور سفارتی کوششوں کو عالمی سطح پر بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔ امریکی ایوانِ نمائندگان میں ایک اہم قرارداد پیش کی گئی ہے جس میں پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے اسے ایک “غیر جانبدار، ذمہ دار اور قابلِ اعتماد ثالث” قرار دیا گیا۔ یہ قرارداد امریکی کانگریس کے رکن ال گرین نے واشنگٹن میں پیش کی، جس کے بعد بین الاقوامی سفارتی حلقوں میں پاکستان کی کوششوں پر توجہ مزید بڑھ گئی ہے۔

قرارداد کے متن کے مطابق ایران جنگ کے دوران پاکستان نے دونوں فریقین کے درمیان رابطوں کو برقرار رکھنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ پاکستان نے نہ صرف سفارتی سطح پر مسلسل بات چیت جاری رکھی بلکہ جنگ بندی کے امکانات پیدا کرنے اور مذاکرات کی راہ ہموار کرنے کے لیے بھی اہم اقدامات کیے۔ امریکی ایوان میں پیش کی گئی دستاویز میں کہا گیا کہ پاکستان نے خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے ایک متوازن اور مثبت پالیسی اپنائی، جس کی عالمی سطح پر تعریف کی جا رہی ہے۔

قرارداد میں یہ بھی بتایا گیا کہ پاکستان نے مختلف سفارتی وفود کی میزبانی کی اور مذاکرات کے انعقاد کے لیے خصوصی انتظامات کیے۔ ان اقدامات کے دوران ملک کو کئی داخلی مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑا، جن میں بعض شہروں کی بندش، سیکیورٹی انتظامات اور عوامی دباؤ شامل تھے۔ اس کے باوجود پاکستان نے امن عمل کو کامیاب بنانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں۔

امریکی قرارداد میں ایران جنگ کے انسانی نقصانات پر بھی تشویش ظاہر کی گئی۔ متن کے مطابق اس جنگ میں ہزاروں افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ لاکھوں لوگ اپنے گھروں سے بے دخل ہوئے۔ اقوام متحدہ کے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ جاری تنازع کے باعث تقریباً 32 لاکھ افراد بے گھر ہو چکے ہیں، جس نے خطے میں انسانی بحران کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔

قرارداد میں جنگ کے معاشی اثرات کا بھی تفصیلی ذکر کیا گیا۔ اندازوں کے مطابق اس تنازع پر روزانہ تقریباً ایک ارب ڈالر خرچ ہو رہے ہیں، جس نے عالمی معیشت پر بھی دباؤ بڑھا دیا ہے۔ خاص طور پر توانائی کی عالمی سپلائی، تیل کی قیمتوں اور فیول مارکیٹ میں شدید اتار چڑھاؤ دیکھنے میں آیا، جس کے اثرات دنیا کے مختلف ممالک تک پہنچے۔

امریکی ایوانِ نمائندگان میں پیش کی گئی قرارداد میں اس بات پر زور دیا گیا کہ ایران جنگ کا خاتمہ صرف خطے ہی نہیں بلکہ پوری دنیا کے مفاد میں ہے۔ قرارداد کے مطابق پاکستان نے امن، مذاکرات اور سفارتی حل کے فروغ کے لیے نہایت اہم کردار ادا کیا، اور عالمی برادری کو چاہیے کہ ایسے مثبت اقدامات کی حمایت کرے تاکہ خطے میں مستقل امن قائم کیا جا سکے۔

امریکا - ایوان نمائندگان
Comments (0)
Add Comment