امریکا اپنے پالتوؤں کو لگام ڈالے ورنہ ہم ڈال دیں گے، عباس عراقچی کا اسرائیلی وزیر کے بیان پر سخت ردعمل

امریکا اپنے پالتوؤں کو لگام ڈالے ورنہ ہم ڈال دیں گے، عباس عراقچی کا اسرائیلی وزیر کے بیان پر سخت ردعمل

اسرائیلی  وزیر نے بیان دیا تھا کہ ایران کےسپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای اسرائیل کے نشانے پر ہیں

ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے اسرائیلی وزیرِ دفاع اسرائیل کاٹز کے حالیہ بیان پر سخت ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران اپنے قومی مفادات، خودمختاری اور اعلیٰ قیادت کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر تیار ہے، اور کسی بھی جارحیت کا فوری، فیصلہ کن اور مؤثر جواب دیا جائے گا۔

بدھ کے روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں عباس عراقچی نے اسرائیلی وزیرِ دفاع کے دھمکی آمیز ریمارکس کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ’’اسلام آباد میمورنڈم‘‘ کے نکات سب کے سامنے ہیں، جن کے مطابق امریکی صدر نے تل ابیب کو کشیدگی بڑھانے سے روکنے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔

اسرائیل کاٹز کے بیان کا اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر اسرائیل نے اپنے اتحادی امریکا کی ہدایات کو نظر انداز کرتے ہوئے کسی قسم کی جارحیت کی تو ایران اس کا بھرپور اور سخت جواب دے گا۔

دوسری جانب اسرائیلی وزیرِ دفاع اسرائیل کاٹز نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای اسرائیل کے نشانے پر ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ اسرائیلی فوج نے ایران میں کارروائی کے لیے "بلیو اینڈ وائٹ” نامی آپریشن کی تیاریاں مکمل کر لی ہیں اور ایران کے اندر کارروائی کے لیے منصوبہ تیار ہے۔

اسرائیل کاٹز کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیل ماضی میں بھی ایران پر دو مرتبہ پیشگی کارروائیاں کر چکا ہے اور اگر ضرورت پڑی تو تیسری بار بھی کارروائی سے گریز نہیں کرے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اسرائیل ایران کو جوہری ہتھیار بنانے کی اجازت نہیں دے گا۔

واضح رہے کہ اسرائیلی اور ایرانی حکام کے حالیہ بیانات کے بعد خطے میں کشیدگی ایک بار پھر بڑھنے کے خدشات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔

ایران - وزیر خارجہ - عباس عراقچی
Comments (0)
Add Comment