اسلام آباد خود کش دھماکہ: داعش افغانی ماسٹر مائنڈ سمیت 11 سہولت کار گرفتار
یہ آپریشنز ٹیکنیکل اور ہیومن انٹیلی جنس کی بنیاد پر کیے گئے، دہشت گردوں کے خلاف مزید انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز جاری
اسلام آباد: (نیوز پلس) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے علاقے ترلائی کلاں میں خودکش حملہ کرنے والے دہشتگرد کے 11 سہولت کاروں کو گرفتار کر لیا گیا۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق پشاور اور نوشہرہ میں انٹیلی جنس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے چھاپے مارے گئے، اس آپریشن میں ایک اہلکار شہید اور 3 زخمی ہوئے ہیں، یہ آپریشنز ٹیکنیکل اور ہیومن انٹیلی جنس کی بنیاد پر کیے گئے، اس دوران خود کُش حملے کے داعش افغانی ماسٹر مائنڈ کو بھی گرفتار کیا گیا، دہشت گردوں کے خلاف مزید انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز جاری ہیں۔
علاوہ ازیں کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) پشاور نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دھماکے میں ملوث مبینہ خودکش حملہ آور کے گھر پر چھاپا مار کر مبینہ حملہ آور کے 2 بھائیوں، ایک بہنوئی اور ایک خاتون کو گرفتار کرلیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں خودکش حملہ کرنے والے دہشت گرد یاسر کے گھر پر چھاپہ مارا گیا، چھاپے کے دوران یاسر کے دو بھائی بلال اور ناصر، بہنوئی عثمان اور ایک خاتون کو گرفتار کیا گیا، مبینہ خودکش حملہ آور یاسر اپنے بہنوئی عثمان کے ساتھ مسلسل رابطے میں تھا جس کے شواہد تفتیش کے دوران سامنے آئے، اسی بناء پر اسے بھی حراست میں لیا گیا۔سی ٹی ڈی حکام نے بتایا کہ یاسر کے دو بھائی اور تین بہنیں ہیں، یاسر گزشتہ برس مئی میں افغانستان گیا تھا اور جون میں پاکستان واپس آیا تھا، واپسی کے بعد یاسر جون کے مہینے میں ضلع باجوڑ گیا جہاں اس نے ایک سم کارڈ ایکٹیویٹ کیا،
مبینہ خودکش حملہ آور 27 جون سے اکتوبر تک باجوڑ میں مقیم رہا جس کے بعد وہ حکیم آباد نوشہرہ منتقل ہوگیا، مبینہ خودکش حملہ آور نے دو فروری کو واقعے سے قبل کرائم سین کی ریکی بھی کی جس سے منصوبہ بندی کے شواہد ملے ہیں۔یاد رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد کے علاقے ترلائی کی مسجد میں خودکش دھماکہ ہوا جس میں 33 افراد جاں بحق اور 169 زخمی ہوئے، ترلائی کلاں کے غازی شاہ امام روڈ پر مسجد کے گیٹ پر خودکش حملہ آور کو روکا گیا تو اس نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا تھا، خارجی خودکش کا تعلق فتنہ الخوارج سے تھا، ضلعی انتظامیہ نے اس واقعے میں 33 افراد شہید اور 169 زخمی ہونے کی تصدیق کی تھی اور وفاقی دارالحکومت کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی۔