اسرائیل کی قطر پر جارحیت ، غزہ امن مذاکرات سبوتاژکرنے کی کوشش ہے ، ترجمان دفتر خارجہ

اسرائیل کی قطر پر جارحیت ، غزہ امن مذاکرات سبوتاژکرنے کی کوشش ہے ، ترجمان دفتر خارجہ

 پاکستان غزہ میں اسرائیلی بربریت کی بھی مذمت کرتا ہے، پاکستان تنازع فلسطین کا اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل چاہتا ہے، شفقت علی خان

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ اسرائیل کا قطر پر حملہ عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے، پاکستان نے کسی جارحیت کی کوشش کی تو پھرپور جواب دیں گے

 اسلام آباد:   ترجمان دفتر خارجہ نے کہاہے کہ اسرائیل کا قطر کو جارحیت کا نشانہ بنانا غزہ امن مذاکرات سبوتاژکرنے کی کوشش ہے جس کی پاکستان بھرپور مذمت کرتا ہے،تنازع فلسطین کا اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل چاہتے ہیں،وزیراعظم شہباز شریف نے امیر قطر سے ملاقات میں دوحہ پر اسرائیلی حملے کو کھلی جارحیت قرار دیتے ہوئے مسلم امہ کے اتحاد پر زور دیا،پاکستانی قوم برادر ملک قطر کے ساتھ کھڑی ہے۔ہفتہ وار پریس بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان کا کہنا تھا کہ قطر پر اسرائیلی حملہ عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے، پاکستان قطر پر اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ پاکستان غزہ میں اسرائیلی بربریت کی بھی مذمت کرتا ہے، پاکستان تنازع فلسطین کا اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل چاہتا ہے۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نے قطری قیادت کو پاکستان کی مکمل حمایت اور یکجہتی کا یقین دلایا اور کہا کہ پاکستان اور قطر ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ ہر مشکل وقت میں کھڑے رہے ہیں، وزیراعظم نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔

ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا ہے کہ قازقستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ مرات نورٹلیو نے 8 تا 9 ستمبر کو پاکستان کا دورہ کیا، مرات نورٹلیو 13 رکنی اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ پاکستان پہنچے، قازق وزیر خارجہ نے صدر مملکت، وزیراعظم اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سے ملاقاتیں کیں۔

ایک سوال پر ترجمان نے کہا کہ قطر پر اسرائیلی حملے سے متعلق پاکستان کا ردعمل واضح ہے، پاکستان حملے کی مذمت کرتا ہے اور قطر سے اظہار یکجہتی کرتا ہے، پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے اور دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے، کسی نے مس ایڈوینچر کرنے کی کوشش کی تو بھر پور جواب دیا جائے گا۔

ترجمان نے کہا کہ غیر قانونی افراد سے متعلق ہر ایک ملک پالیسی بناتا ہے، برطانیہ کی جانب سے پاکستان کو کسی فہرست میں شامل نہیں کیا گیا، پاکستان اور برطانیہ کے درمیان متعدد معاہدے ہیں۔

پاکستان- دفتر خارجہقطر - اسرائیل - حماس - حملہ
Comments (0)
Add Comment