اسحاق ڈار اور برطانوی وزیر خارجہ ایڈ ملی بینڈ کی ملاقات، پاکستان برطانیہ شراکت داری مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

اسحاق ڈار اور برطانوی وزیر خارجہ ایڈ ملی بینڈ کی ملاقات، پاکستان برطانیہ شراکت داری مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

منیلا: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے فلپائن کے دارالحکومت منیلا میں آسیان ریجنل فورم (ARF) 2026 کے موقع پر برطانیہ کے سیکریٹری آف اسٹیٹ برائے خارجہ، دولتِ مشترکہ و ترقیاتی امور رائٹ آنریبل ایڈ ملی بینڈ سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی سلامتی اور عالمی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے آغاز میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے ایڈ ملی بینڈ کو برطانیہ کے وزیر خارجہ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دیرینہ اور مضبوط شراکت داری کو مزید وسعت دینے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

برطانوی وزیر خارجہ ایڈ ملی بینڈ نے برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستانی نژاد برطانوی شہری دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں اور دوطرفہ روابط کے فروغ میں ان کی مثبت شراکت قابلِ قدر ہے۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور عالمی پیش رفت، بالخصوص خطے کی سکیورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر برطانوی وزیر خارجہ نے امریکا اور ایران کے درمیان حالیہ کشیدگی کے دوران پاکستان کی جانب سے مکالمے، سفارت کاری اور کشیدگی میں کمی کی کوششوں کو سراہا۔

دونوں رہنماؤں نے خطے میں حالیہ کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ تنازعات کے حل کے لیے مسلسل مذاکرات، فعال سفارت کاری اور پائیدار امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔

ملاقات میں پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے، باہمی تعاون کو فروغ دینے اور علاقائی و عالمی امن کے لیے قریبی رابطے برقرار رکھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔

پاکستان - برطانیہ
Comments (0)
Add Comment