آزاد اور خود مختار فلسطینی ریاست کا قیام پائیدار امن کے لیے ناگزیر اور فلسطینیوں کا حق ہے، وزیراعظم

آزاد اور خود مختار فلسطینی ریاست کا قیام پائیدارامن کے لیے ناگزیراور فلسطینیوں کا حق ہے، وزیراعظم

پاکستان ہمیشہ سے مسئلہ فلسطین کے منصفانہ حل کا حامی رہا ہے

 

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہےکہ غزہ میں پائیدار امن ہمارا مشن ہے، آزاد اور خود مختار فلسطینی ریاست کا قیام پائیدار  امن کے لیے ناگزیر ہے اور فلسطینیوں کا حق ہے۔

واشنگٹن میں غزہ میں قیامِ امن کے حوالے سے منعقدہ اہم اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ غزہ میں پائیدار امن کا قیام پاکستان کا واضح مشن ہے، جس کے لیے ایک آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کا قیام نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ فلسطینی عوام کو ان کے بنیادی اور جائز حقوق کی فراہمی کے بغیر خطے میں دیرپا امن کا خواب شرمندۂ تعبیر نہیں ہو سکتا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی زیر صدارت منعقدہ "غزہ پیس بورڈ” کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے اجلاس میں شرکت کو باعثِ افتخار قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو غزہ میں امن کے قیام کے لیے مشترکہ اور سنجیدہ اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے، کیونکہ مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی عالمی امن کے لیے خطرہ بن سکتی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ سے مسئلہ فلسطین کے منصفانہ حل کا حامی رہا ہے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق فلسطینی عوام کو ان کا حقِ خودارادیت ملنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کا قیام نہ صرف فلسطینیوں کا بنیادی حق ہے بلکہ خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے بھی ناگزیر ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ غزہ میں جاری جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کا خاتمہ فوری طور پر ہونا چاہیے تاکہ انسانی بحران کو مزید سنگین ہونے سے روکا جا سکے۔ ان کے مطابق مستقل امن کے قیام کے لیے تمام فریقین کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا اور بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کو یقینی بنانا ہوگا۔

وزیراعظم نے تنازعات کے حل میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی بروقت سفارتی کوششوں کے نتیجے میں پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی میں کمی آئی اور جنگ بندی ممکن ہو سکی۔ انہوں نے کہا کہ اس پیش رفت سے ہزاروں قیمتی انسانی جانیں بچانے میں مدد ملی اور جنوبی ایشیا کو ممکنہ بڑے تصادم سے محفوظ رکھا جا سکا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ غزہ پیس بورڈ کا قیام خطے میں قیامِ امن کے لیے مثبت پیش رفت ثابت ہوگا اور عالمی سطح پر مسئلہ فلسطین کے منصفانہ حل کے لیے نئی راہیں ہموار کرے گا۔

غزہ بورڈ آف پیسوزیراعظم شہباز شریف
Comments (0)
Add Comment