بھارت پاکستان کے خلاف بیان بازی کے بجائے دہشت گردی کی سرپرستی ختم کرے، ترجمان دفتر خارجہ
عالمی برادری فلسطینی شہریوں کو اسرائیلی مظالم سے بچانے کیلئے فیصلہ کن اقدام کرے، ترجمان وزارت خارجہ
پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان سیکرٹری خارجہ سطح پر کچھ تصفیہ طلب امور پر بات چیت کی گئی، نائب وزیراعظم اسحق ڈار (آج) افغانستان کا دورہ کرینگے،شفقت علی خان
جموں و کشمیر ایک بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ متنازع علاقہ ہے جس کی حتمی حیثیت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق طے کی جانی ہے، بے بنیاد دعوے کرنے کے بجائے بھارت کو مقبوضہ جموں و کشمیر کے بیشتر علاقے پر اپنا 77 سالہ قبضہ ختم کرنا چاہیے، ہفتہ واربریفنگ
اسلام آباد: وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان سیکرٹری خارجہ سطح پر کچھ تصفیہ طلب امور پر بات چیت کی گئی، نائب وزیراعظم اسحق ڈار (آج) ہفتہ کو افغانستان کا دورہ کریں گے، غزہ میں اسرائیلی مظالم کی مذمت اور بین الاقوامی برادری سے فلسطینیوں کو تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔
ترجمان وزارت خارجہ شفقت علی خان نے ہفتہ وار بریفنگ میں صحافیوں کو بتایا کہ گذشتہ روز پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان سیکرٹری خارجہ کی سطح پر مذاکرات ہوئے، دونوں ممالک کے سیکرٹریز کے درمیان بات چیت انتہائی خوشگوار ماحول میں ہوئی، کچھ تصفیہ طلب امور پر بھی بات چیت کی گئی، دونوں فریقین نے اپنا اپنا موقف سامنے رکھا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان مذاکرات اچھے ماحول میں ہوئے، کچھ عناصر ان مذاکرات کے خلاف منظم پراپیگنڈا کررہے ہیں۔
ترجمان وزارت خارجہ نے بتایا کہ نائب وزیراعظم اسحق ڈار (آج) ہفتہ کو وفد کے ہمراہ کابل جائیں گے، یہ دورہ افغان عبوری وزیرخارجہ کی دعوت پر کیا جارہا ہے، نائب وزیراعظم کا دورہ کابل افغانستان کے ساتھ تعلقات بہتر کرنے کی کوشش ہے کیونکہ پاکستان افغانستان کے ساتھ خوشگوار برادرانہ تعلقات کا خواہاں ہے۔
انہوں نے کہا کہ نائب وزیراعظم افغان نائب وزیراعظم برائے اقتصادی امور سے بھی ملاقات کریں گے، اور کابل میں وفود کی سطح پر بھی مذاکرات ہوں گے، جن میں سیکیورٹی اور تجارتی روابط، اور عوامی تعلقات پر گفتگو ہوگی۔ترجمان وزارت خارنہ بتایا کہ ایران میں دہشت گردانہ حملے میں جاں بحق ہونے والے آٹھ پاکستانی شہریوں کی میتیں بدھ کی رات پی اے ایف سی 130 طیارے کے ذریعے بہاولپور، پاکستان منتقل کی گئیں۔نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحق ڈار کو ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کا ٹیلی فون آیا، جنہوں نے ایران میں آٹھ پاکستانیوں کی المناک موت پر تعزیت کی اور مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے اور متاثرین کی میتوں کی وطن واپسی میں مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ایرانی وزیر خارجہ نے نائب وزیر اعظم کو 12 اپریل کو عمان میں امریکا اور ایران کے درمیان ہونے والے مذاکرات سے بھی آگاہ کیا، جس کی نائب وزیر اعظم نے تعریف کی اور حوصلہ افزائی کی۔پاکستان اسلامی جمہوریہ ایران اور امریکا کے درمیان 12 اپریل کو مسقط میں عمان کی کوششوں سے ہونے والے مذاکرات کا خیرمقدم کرتا ہے، پاکستان سمجھتا ہے کہ مکالمہ اور سفارت کاری خطے میں امن اور استحکام کو فروغ دیں گے اور مذاکرات اور باہمی احترام کی بنیاد پر اختلافات اور تنازعات کے حل کے مقاصد کو آگے بڑھائیں گے،
پاکستان ان مذاکرات کی سہولت اور میزبانی میں عمان کے سلطان کے قابل قدر کردار کو سراہتا ہے۔نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحق ڈار نے اسلام آباد میں پاکستان اور جمہوریہ کوریا کی مشترکہ میزبانی میں اقوام متحدہ کے امن مشن کی تیاری کے اجلاس کے موقع پر شعبہ امن مشن آپریشنز کے انڈر سیکریٹری جنرل اور شعبہ آپریشن سپورٹ کے انڈر سیکریٹری جنرل سے ملاقات کی۔وزیرخارجہ اسحق ڈار نے اقوام متحدہ کے امن مشن کے لیے پاکستان کے دیرینہ عزم کا اعادہ کیا اور امن مشن کے میدان میں پاکستان کی قابل فخر میراث کو یاد کیا۔نائب وزیر اعظم نے برطانیہ کی وزارت ہاؤسنگ، کمیونٹیز اور لوکل گورنمنٹ کے پارلیمانی انڈر سیکرٹری آف اسٹیٹ لارڈ وجیت خان سے بھی ملاقات کی
، انہوں نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا، نائب وزیر اعظم نے مضبوط، وسیع البنیاد، کثیر الجہتی پاکستان برطانیہ شراکت داری کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور دونوں ممالک کے درمیان خیر سگالی کو فروغ دینے میں برطانوی پاکستانی کمیونٹی کے کردار کو سراہا۔ترجمان دفتر خارنہ نے بتایا کہ نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحق ڈار کی دعوت پر شنگھائی تعاون تنظیم کے سیکریٹری جنرل نورلان یرمیکبایف اس وقت پاکستان کے دورے پر ہیں، وہ بیجنگ میں ایس سی او سیکریٹریٹ کے عہدیداروں پر مشتمل ایک وفد کی سربراہی کر رہے ہیں۔سیکرٹری جنرل نے نائب وزیر اعظم سے ملاقات کی، وہ وزیر تجارت اور سیکریٹری خارجہ سے بھی ملاقات کریں گے، وہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ بھی کریں گے۔شنگھائی تعاون تنظیم کے سیکریٹری جنرل کا دورہ پاکستان کو ایس سی او سیکریٹریٹ کے ساتھ گفت وشنید ہونے کا موقع فراہم کرتا ہے جبکہ مشترکہ علاقائی سلامتی اور اقتصادی ترقی کو آگے بڑھانے میں ایس سی او کے طریقہ کار کو مزید موثر بنانے کے لیے اپنے نقطہ نظر اور ترجیحات کو اجاگر کرتا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ 15 اپریل کو پاکستان اور چین کے درمیان بحری تعاون پر پانچواں مذاکراتی دور بیجنگ میں منعقد ہوا, اس مذاکرات کی مشترکہ صدارت وزارت خارجہ کے ایڈیشنل سیکریٹری ایشیا پیسیفک عمران احمد صدیقی اور عوامی جمہوریہ چین کی وزارت خارجہ کے محکمہ سرحد اور سمندری امور کے ڈائریکٹر جنرل ہونگ گانگ نے کی، دونوں فریقین نے اگلے سال مناسب وقت پر پاکستان میں پاکستان چین بحری تعاون پر چھٹا مذاکراتی دور منعقد کرنے پر اتفاق کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بریفنگ میں بتایا کہ 16 اپریل کو اسلام آباد میں پاکستان روس اسٹریٹجک استحکام پر 15 واں مشاورتی گروپ منعقد ہوا، ایڈیشنل سیکریٹری اسلحہ کنٹرول برائے تخفیف اسلحہ سفیر طاہر اندرابی اور روسی نائب وزیر خارجہ جناب رابکوف نے بالترتیب وفود کی قیادت کی، دونوں فریقین نے بین الاقوامی سلامتی، علاقائی اور عالمی استحکام اور اسلحہ کنٹرول تخفیف اسلحہ اور عدم پھیلا کے مختلف پہلوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اسرائیلی قابض افواج کی جانب سے غزہ میں بپٹسٹ ہسپتال پر بمباری کی شدید مذمت کرتا ہے، طبی سہولیات کو نشانہ بنانے کے اس حملے میں بین الاقوامی انسانی قانون کی صریح خلاف ورزی کی گئی ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اسرائیل کے جاری مظالم کو فوری طور پر ختم کرنے کا مطالبہ کرتا ہے، جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت معصوم اور غیر مسلح فلسطینیوں کی شہادتیں اور انفرا اسٹرکچرکی منظم تباہی ہوئی ہے۔انہوں نے کہاکہ اسرائیل کے مسلسل حملوں نے غزہ کے صحت کی دیکھ بھال کے نظام کو مفلوج کر دیا ہے، جس سے انتہائی بیمار مریض طبی امداد سے محروم ہوگئے ہیں۔ اسرائیل کی جانب سے انسانی امداد کی ناکہ بندی کے ساتھ مل کر یہ اقدامات مصائب کو طول دینے اور تنازعات کو بڑھانے کی ایک دانستہ حکمت عملی کی عکاسی کرتے ہیں۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان بین الاقوامی برادری پر زور دیتا ہے کہ وہ اسرائیل کو جوابدہ ٹھہرانے اور فلسطینی شہریوں کو اس کے ظلم و ستم سے بچانے کے لیے فیصلہ کن اقدام کرے۔ترجمان وزارت خارجہ نے کہا کہ ہم جموں و کشمیر کے بارے میں بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان کے گزشتہ روز کے ریمارکس کے حوالے سے ریکارڈ درست کرنا چاہتے ہیں، انہوں نے پاکستان پر متعدد الزامات عائد کیے ہیں، انہیں بھارت کی دہشت گردی کی سرپرستی اور بیرون ممالک قتل عام میں ملوث ہونے پر توجہ دینی چاہیے۔
ترجمان نے کہا کہ جموں و کشمیر ایک بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ متنازع علاقہ ہے جس کی حتمی حیثیت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق طے کی جانی ہے، بے بنیاد دعوے کرنے کے بجائے بھارت کو مقبوضہ جموں و کشمیر کے بیشتر علاقے پر اپنا 77 سالہ قبضہ ختم کرنا چاہیے۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے وزیرخارجہ 20 اپریل کو پاکستان کا دورہ کریں گے، جبکہ جمہوریہ روانڈا کے وزیرخارجہ 21 اپریل کو پاکستان کے دورے پر آئیں گے، جمہوریہ روانڈا کے وزیرخارجہ اسلام آباد میں روانڈا ہائی کمیشن کا بھی افتتاح کریں گے۔