مکہ دفاعی معاہدہ آنے والی نسلوں کیلئے امن و استحکام کی مضبوط ڈھال ثابت ہوگا،وزیراعظم شہباز شریف
اسلام آباد:وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہےکہ اپنے معزز برادران، سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان اور ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان کے ہمراہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کرنے کا اعزاز حاصل ہواہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ تینوں برادر اسلامی ممالک ایمان، دوستی اور امن و سلامتی کے مشترکہ عزم کے رشتے میں بندھے ہوئے ہیں۔ وزیراعظم نےدعا کی کہ حرمین شریفین کے سائے میں طے پانے والا تاریخی معاہدہ آنے والی نسلوں کے لئے امن و استحکام کی مضبوط ڈھال ثابت ہو۔ دعا ہےمشترکہ دفاعی معاہدہ ہمارے تینوں برادر ممالک کے ساتھ ساتھ پوری مسلم اُمہ کے لئے امن، ترقی اور خوشحالی کا ذریعہ بنے۔
وزیراعظم محمدشہباز شریف نے خصوصی طور پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی انتھک کاوشوں، غیر معمولی لگن اور بے مثال خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا، جن کی شبانہ روز کاوشوں کی وہ سے اس عظیم مقصد کو پایۂ تکمیل تک پہنچانے میں نہایت اہم کردار ادا کیا۔
