ٹی20 ورلڈکپ: بھارت کے ہاتھوں پاکستان کو 61 رنز سے شکست
کولمبو کے پریماداسا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے گروپ میچ میں بھارت نے پاکستان کو 61 رنز سے شکست دے دی۔ میچ میں پاکستانی کپتان سلمان آغا نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، تاہم دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے ٹاس کے موقع پر ہاتھ نہیں ملایا۔
بھارت نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹ کے نقصان پر 175 رنز بنائے۔ بھارتی اوپنر ابھیشیک شرما پہلے ہی اوور میں سلمان آغا کی گیند پر بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوگئے۔ دوسرے اہم بیٹر ایشان کشن نے 40 گیندوں پر 77 رنز بنائے، لیکن صائم ایوب کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔
15 ویں اوور میں 126 کے مجموعی اسکور پر تلک ورما 25 رنز بنا کر صائم ایوب کا شکار بنے، اور اگلی ہی گیند پر ہاردک پانڈیا بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔ بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو 32 رنز بنا کر عثمان طارق کی گیند پر 159 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔ اس کے علاوہ دوبے نے 27 اور اکشر پٹیل بغیر رن کے آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے صائم ایوب نے تین وکٹیں حاصل کیں، جبکہ عثمان طارق، شاہین آفریدی اور سلمان آغا نے ایک ایک وکٹ لی۔ ایک کھلاڑی رن آؤٹ بھی ہوا۔
جواب میں پاکستانی ٹیم 176 رنز کے ہدف کے تعاقب میں صرف 18 اوورز میں 114 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
پاکستان کی پلئینگ الیون میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، جس میں صائم ایوب، صاحبزادہ فرحان، بابراعظم، سلمان علی آغا، عثمان خان، شاداب خان، محمد نواز، فہیم اشرف، شاہین آفریدی، ابرار احمد اور عثمان طارق شامل تھے۔
بھارتی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئیں، ابھیشیک شرما اور کلدیپ یادیو کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا۔
