
خاور عباس شاہ
پاکستان کا غزہ میں قابض اسرائیلی فوج کے تازہ حملوں کی شدید مذمت، حملے امن معاہدے کی روح کے منافی قرار
جنگ بندی کے مکمل نفاذ کو یقینی بنایا جائے اور فلسطینی شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔ ترجمان دفتر خارجہ
پاکستان نے اسرائیل کی جانب سے غزہ امن معاہدے کی خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کی ہے۔
اسلام آباد : پاکستان نےاس نےاسرائیل کی جانب سے غزہ امن معاہدے کی خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کی ہے اور کہا کہ غزہ میں اسرائیلی حملوں سے متعدد بے گناہ شہری جاں بحق ہوئے، اسرائیلی کارروائیاں امن معاہدے کی روح کے منافی ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان عالمی برادری سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ فوری اور مؤثر اقدامات کرے تاکہ ان خلاف ورزیوں کا خاتمہ کیا جا سکے، جنگ بندی کے مکمل نفاذ کو یقینی بنایا جائے اور فلسطینی شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان فلسطینی عوام کے ساتھ اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے اسرائیلی جارحیت کے فوری خاتمے کا مطالبہ کرتا ہے، اور اپنے اصولی مؤقف کو دہراتا ہے کہ جون 1967 سے قبل کی سرحدوں کے مطابق، القدس الشریف کو دارالحکومت بنا کر ایک خودمختار، قابلِ عمل، مربوط اور آزاد فلسطینی ریاست کا قیام عمل میں لایا جائے۔
