بارسلونا میں پاکستانی قونصل خانے کی جانب سے ٹرک آرٹ کی منفرد نمائش
بارسلونا: (اسپیشل رپورٹر) بارسلونا میں پاکستانی قونصل خانے کی جانب سے ٹرک آرٹ کی شاندار نمائش۔ اسپین کے شہر بارسلونا میں پاکستانی قونصل خانے کی جانب سے روایتی اور دلکش "ٹرک آرٹ” کی منفرد نمائش کا اہتمام کیا گیا، جس میں مقامی شہریوں سمیت پاکستانی کمیونٹی کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قونصل جنرل پاکستان مراد علی وزیر نے کہا کہ قونصل خانہ اسپین میں پاکستانی ثقافت، آرٹ، موسیقی اور روایات کو متعارف کرانے کے لیے مسلسل سرگرم ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹرک آرٹ ورکشاپ کا مقصد مقامی آبادی کو پاکستان کی رنگا رنگ ثقافت سے روشناس کرانا ہے۔ مراد علی وزیر نے مزید بتایا کہ جلد ہی اسپین کی مشہور "فلیمینکو” موسیقی ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی تاکہ دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی روابط کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔

ٹرک آرٹ کے ماہر طارق خان نے اس موقع پر کہا کہ وہ گزشتہ چودہ برسوں سے دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت اور خوبصورت چہرہ اجاگر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، جس میں پاکستانی سفارتخانوں اور قونصل خانوں کا تعاون شامل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ٹرک آرٹ کی روایت 1920ء میں شروع ہوئی تھی اور اپنی رنگا رنگی اور تخلیقی انداز کے باعث دنیا بھر میں مقبولیت حاصل کر چکی ہے۔
نمائش میں پیش کیے گئے فن پاروں کو شرکاء نے بے حد سراہا اور اسے پاکستانی ثقافت کا دلکش اظہار قرار دیا۔
