کراچی۔(نیوز پلس)پاکستان شوبز انڈسٹری کی خوبرو اداکارہ اقرا عزیز نے کہا ہے کہ ہمارے پاس ایسے مرد بھی موجود ہیں جو عورتوں کی حفاظت کرتے ہیں اور اُن کا ساتھ دیتے ہیں۔فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اقرا عزیز نے اپنے شوہر یاسر حسین کی ایک تصویر پوسٹ کی جس میں اداکار ملک میں جنسی زیادتی کے افسوسناک واقعات کی روک تھام کے لیے پوسٹر بناتے نظر آرہے ہیں۔اقرا عزیز کی جانب سے پوسٹ کی جانے والی تصاویر میں یاسر حسین نے جو پوسٹر بنائے وہ کچھ اِس طرح کے تھے:
’Stop Rape‘ یعنی جنسی زیادتی کو روکا جائے۔
’مردوں مرد بنو‘
اقرا عزیزنے اپنی اِس پوسٹ کے کیپشن میں فخریہ انداز میں لکھا کہ ’مجھے یہ دیکھ کر یاسر حسین پر فخر محسوس ہو رہا ہے کہ اُنہوں نے اِس پُرامن احتجاج کے لیے پہل کی اور پھر ایک طویل برادری کو جنسی زیادتی کے خلاف آواز اُٹھانے کے لیے اکٹھا کیا۔‘
اداکارہ نے لکھا کہ ’یاسر کی اس جدوجہد کو دیکھ کر میں اب بھی اِس بات پر یقین رکھتی ہوں کہ ہمارے پاس عورتوں کے ساتھ کھڑے ہونے والے اور اُن کی حفاظت کرنے والے مرد بھی موجود ہیں۔‘