کراچی (نیوز پلس)وزیراعلیٰ سندھ سیدمراد علی شاہ نے ٹرانسجینڈر کمیونٹی کو بڑی خوشخبری دیتے ہوئے کہا کہ وہ سرکاری نوکریوں کی درخواست دینے کے لیے اپنے کاغذات تیار رکھیں۔تفصیلات کے مطابق سندھ کابینہ کے اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ ہم ٹرانسجینڈرز کے لیے تمام سرکاری اداروں میں 5 فیصد نوکریوں کا کوٹہ مقرر کرنے کی منظوری دے رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ مجھے ٹرانسجینڈر کمیونٹی کو مین اسٹریم میں لینا ہے، ہم ان کو معاشرے کے کارآمد لوگ بنانا چاہتے ہیں۔سید مراد علی شاہ نے کابینہ اجلاس میں کہا کہ میں آج ٹرانسجینڈر کو کابینہ کی طرف سے ان کے لیے کوٹہ مقرر ہونے پر مبارکباد دیتا ہوں۔انہوں نے ٹرانسجینڈر کمیونٹی کو سرکاری نوکریوں کی درخواست دینے کے لیے کاغذات تیار رکھنے کی ہدایت بھی کی۔وزیر اعلیٰ سندھ نے ٹرانسجینڈر کمیونٹی کو اپنی تعلیم پر بھی توجہ دینے کی ہدایت دی ہے۔