Newspulse - نیوز پلس
پاکستان، سیاست، کھیل، بزنس، تفریح، تعلیم، صحت، طرز زندگی ... کے بارے میں تازہ ترین خبریں

پی ایس ایل9،اسلام آباد یونائیٹڈ کو لگاتار دوسری شکست، گلیڈی ایٹرز 3وکٹوں سے کامیاب

پی ایس ایل9،اسلام آباد یونائیٹڈ کو لگاتار دوسری شکست، گلیڈی ایٹرز 3وکٹوں سے کامیاب

پاکستان سپر لیگ کے نویں ایڈیشن کے آٹھویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے بالرز کی عمدہ کارکردگی کی بدولت اسلام آباد یونائیٹڈ کو 3وکٹوں سے شکست دے دی۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی۔یونائیٹڈ کے اوپنرز نے اپنی ٹیم کو صرف تین اوورز میں 29رنز کا آغاز فراہم کیا لیکن اسی مرحلے پر جارحانہ بیٹنگ کرنے والے ایلکس ہیلز 9گیندوں پر 21رنز بنانے کے بعد عقیل حسین کی وکٹ بن گئے۔

اس مرحلے پر کولن منرو کا ساتھ دینے آغا سلمان آئے اور دونوں ملک کر اسکور کو 69تک پہنچا دیا لیکن اس مرحلے پر ابرار نے 20رنز بنانے والے منرو کو پویلین چلتا کردیا۔تاہم یونائیٹڈ کو بڑا نقصان اس وقت پہنچا جب محمد حسنین نے یونائیٹڈ کے کپتان کی اننگز کا صرف 2رنز پر خاتمہ کردیا۔ابھی یونائیٹڈ کی ٹیم اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ عقیل حسین نے دوسری وکٹ لیتے ہوئے اعظم خان کا کام بھی تمام کردیا۔آغا سلمان نے دوسرا اینڈ سنبھالے ہوئے تھا اور ایک اور بڑی اننگز کھیلنے کے لیے پراعتماد نظر آتے تھے لیکن ابرار نے23گیندوں پر 33رنز بنانے والے آغا کی وکٹ لے کر اپنی ٹیم کو پانچویں کامیابی دلا دی جبکہ عماد وسیم بھی صرف 9رنز بنا سکے۔

جورڈن کوکس نے 19اور فہیم اشرف نے20رنز کی باریاں کھیلیں اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم مقررہ اوورز میں 9وکٹوں کے نقصان پر 138رنز بنائے۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے محمد وسیم جونیئر اور ابرار احمد نے تین، تین جبکہ عقیل حسین نے دو وکٹیں حاصل کیں۔گلیڈ ایٹرز نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو جیسن روئے نے جارحانہ انداز اپنایا لیکن نسیم شاہ نے اننگز کے تیسرے اوور کی پہلی گیند پر سعود شکیل کو پویلین لوٹا دیا۔گزشتہ میچ کے ہیرو خواجہ نافع اس مربتہ بڑی اننگز نہ کھیل سکے اور صرف 9رنز بنا کر روما رئیس کو وکٹ دے بیٹھے۔انگلش بلے باز روئے نے 18گیندوں پر ایک چھکے اور 6چوکوں کی مدد سے 37رنز بنا کر اسکور کو 51تک پہنچایا ہی تھا کہ نوجوان عبید شاہ نے ان کی وکٹیں بکھیر دیں۔گلیڈی ایٹرز کے سابق کپتان سرفراز احمد ایک مرتبہ پھر ناکامی سے دوچار ہوئے اور صرف ایک رن بنا کر شاداب خان کی وکٹ بن گئے۔54رنز پر 4وکٹیں گرنے کے بعد میچ یونائیٹڈ کے حق میں جاتا محسوس ہو رہا تھا لیکن اس مرحلے پر کپتان رائلی روسو اور شرفین ردرفورڈ ذمے دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو میچ میں واپس لے آئے۔

دونوں کھلاڑیوں نے پانچویں وکٹ کیلئے 62رنز کی فتح گر شراکت قائم کرتے ہوئے ہدف کی جانب پیش قدمی جاری رکھی لیکن نسیم شاہ نے اپنے اسپیل کی آخری گیند پر 29رنز بنانے والے ردرفورڈ کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔اس کے بعد یونائیٹڈ نے عقیل حسین اور محمد وسیم جونیئر کی وکٹ حاصل کیں لیکن رائلی روسو نے اعصاب قابو میں رکھتے ہوئے محمد عامر کے ہمراہ اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرا دیا۔

گلیڈی ایٹرز نے 10گیندوں قبل ہی 139رنز کا ہدف حاصل کر کے میچ میں 3وکٹوں سے فتح حاصل کر لی، روسو 34رنز کی ذمے دارانہ اننگز کھیلی۔یونائیٹڈ کی جانب سے نسیم شاہ اور شاداب خان نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔رائلی روسو کو ان کی ذمے دارانہ بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More