Newspulse - نیوز پلس
پاکستان، سیاست، کھیل، بزنس، تفریح، تعلیم، صحت، طرز زندگی ... کے بارے میں تازہ ترین خبریں

پیپلزپارٹی نے ہمیشہ شفاف انتخابات اور لیول پلیئنگ فیلڈ کی بات کی، بلاول بھٹو زرداری

پیپلزپارٹی نے ہمیشہ شفاف انتخابات اور لیول پلیئنگ فیلڈ کی بات کی، بلاول بھٹو زرداری

چئیرمین پاکستان پیپلز پارٹی اور سابق وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے میاں نوازشریف پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ ووٹ کو عزت دلوائیں اس کی بے عزتی نہ کریں ، انتظامیہ کے بجائے اپنے بل بوتے پر الیکشن لڑیں۔

کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے ایک بار پھر پاکستان مسلم لیگ ن کو نشانے پر رکھا اور کہا کہ کچھ لوگ سمجھتے ہیں کہ بادشاہ کی طرح ملک میں آؤ، دربار میں سب کی حاضری لگواؤ اور الیکشن کی ہوا بناؤ، ساری کوششیں کرنے کے باوجود ان کی ہوا نہیں بن رہی، انہیں اپنے گھر پنجاب میں انڈوں اور ٹماٹروں کا سامنا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ 8 فروری کو پیپلز پارٹی عام انتخابات میں کامیابی حاصل کرے گی، بلوچستان میں حکومت بنا کر عوام کے مسائل حل کریں گے، آصف زرداری نے 18 ویں ترمیم کے ذریعے بلوچستان کو حقوق دلوائے، دہشت گردی کا شکار علاقوں میں ترقی لے کر آئیں گے، بلوچستان میں جیالے آج بھی پیپلز پارٹی کیساتھ کھڑے ہیں، پاکستان کے نوجوان ان تمام مسائل کا سامنا مل کر کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ بینظیر بھٹو نے ہمیشہ لیول پلیئنگ فیلڈ کیلئے جدوجہد کی، پیپلز پارٹی نے ہمیشہ شفاف انتخابات اور لیول پلیئنگ فیلڈ کی بات کی ہے، ہم نہ صرف اپنے لیے بلکہ تمام سیاسی جماعتوں کیلئے لیول پلیئنگ فیلڈ کی بات کرتے ہیں، پیپلز پارٹی جانتی ہے کہ سیاسی پچ پر کیسے کھیلا جاتا ہے، آصف زرداری نے صوبوں کو اختیارات دیئے، اس بار اگر اللہ تعالیٰ نے موقع دیا تو بلوچستان کے مسائل حل کر کے دکھائیں گے۔

 پی پی چیئرمین نے یہ بھی کہا کہ ہم چاہتے ہیں تمام ادارے اپنی حدود میں رہ کر کام کریں، ماضی میں ہر ادارے کو ٹائیگر فورس بنانے کی کوشش کی گئی، پاکستان کی تاریخ میں جو سلیکٹڈ حکومتیں بنیں وہ ناکام رہیں، پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جو سب کو ساتھ لے کر  چل سکتی ہے، وقت آگیا ہے منفی سیاست کی بجائے مثبت سیاست شروع کی جائے۔


 بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم کا فائدہ ملک کے عوام کو ہوا، اسلام آباد میں بیٹھے لوگوں کو آپ لوگوں کے مسائل کا پتا نہیں، اٹھارویں ترمیم پر ابھی صحیح طرح عملدرآمد ہی نہیں ہوا، ہم سمجھتے ہیں عوام راستہ دکھاتے ہیں، عوام کا فیصلہ ماننا پڑے گا، پیپلز پارٹی کی حکومت بنے گی تو مکمل اختیارات کی منتقلی کریں گے، اس وقت سندھ کے عوام پیپلز پارٹی کے ساتھ ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے یوم تاسیس جلسےکو کامیاب بنانے پر بلوچستان کے عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں، ہم بلوچستان کی آواز بنیں گےاور مسائل کاحل نکالیں گے، پیپلز پارٹی بلوچستان میں الیکشن جیتے گی اور حکومت بنائے گی، بلوچستان اور پاکستان کا مستقبل سی پیک سےجڑا ہے۔

 بلاول بھٹو نے کہا کہ اسلام آباد میں بیٹھے لوگ خود کام کرنا چاہتے ہیں نہ کسی اور کو کام کرنے دیتے ہیں، ایسی حکومت بنانی پڑے گی جو 18 ویں ترمیم پر عمل کرے، انشاء اللہ پیپلزپارٹی کی حکومت بنے گی، سب کو پتا ہے چمن میں احتجاج ہو رہا ہے، احتجاج کرنے والوں کے مسائل کا حل نکالنا چاہیے، چمن مظاہروں کا نقصان پورے پاکستان کو ہو گا۔

بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ ہم 8 فروری کو دنیا کو اچھا سرپرائز دیں گے، ہم عوام کے لاڈلے بننے کی کوشش کر رہے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More