پکتیکا میں گل بہادر گروپ کےخلاف کاروائی ، اہم خارجی سرغنہ سمیت 70 سے زائد دہشت گرد ہلاک، سیکیورٹی حکام
سیکیورٹی حکام کے مطابق ان خوارج کا مارا جانا ایک اہم اور بڑی کامیابی ہے۔
افغانستان کے صوبہ پکتیکا میں 17 اکتوبر کی رات ہونے والی پاکستان کی کاروائی میں ایم کمانڈر سمیت گل بہادر گروپ کے 70 سے زائد خارجیوں کو ہلاک کر دیا گیا۔
سکیورٹی حکام کے مطابق 17 اکتوبر کی رات پکتیکا میں خارجی گل بہادر گروپ کے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کی گئی، دہشت گرد ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا۔
سکیورٹی حکام کے مطابق انٹیلی جنس ذرائع کی مصدقہ اطلاعات کے مطابق مؤثر اسٹرائیکس میں گل بہادر گروپ کے 70 سے زائد خارجی ہلاک ہوئے، مارےگئے دہشت گردوں میں اہم خارجی سرغنہ بھی شامل تھے۔
سیکیورٹی حکام کا کہنا تھا کہ خارجی گل بہادر گروپ پاکستان میں دہشت گردی کی بڑی اور متعدد وارداتوں میں ملوث ہے، یہ خارجی گروپ افغانستان سے پاکستان میں داخل ہوکر دہشت گرد حملوں میں ملوث ہیں،17 اکتوبرکو خادی، شمالی وزيرستان ميں بھی اسی گروپ نے بارود سے بھری گاڑی کے ذریعے حملہ کیا، حملے ميں 3 خواتين، 2 بچے اور ایک جوان شہيد ہوئے۔
سکیورٹی حکام کے مطابق17 اکتوبر کی رات ٹارگٹڈ اسٹرائیکس میں خارجی فرمان عرف الکرامہ، خارجی صدیق اللہ داوڑ، غازی مداخیل، مقرب، قسمت اللہ، خوارج عاشق اللہ عرف کوثر،یونس،گلاب عرف دیوانہ، عادل اور فضل الرحمان بھی ہلاک ہوئے ، ہلاک دہشت گرد فضل الرحمان گل بہادر کا قریبی رشتہ دار ہے ۔
سیکیورٹی حکام ان خوارج کی ہلاکت کو ایک اہم اور بڑی کامیابی قرار دے رہے ہیں۔
