Newspulse - نیوز پلس
پاکستان، سیاست، کھیل، بزنس، تفریح، تعلیم، صحت، طرز زندگی ... کے بارے میں تازہ ترین خبریں

پاک فضائیہ کی جانب سے پاکستان کی تاریخ کی سب سے بڑی فضائی مشق کا آغاز، 14 ممالک کی افواج کی شرکت

پاک فضائیہ کی جانب سے پاکستان کی تاریخ کی سب سے بڑی فضائی مشق کا آغاز، 14 ممالک کی افواج کی شرکت

بین الاقوامی عسکری شراکت داری کو فروغ دینے اور فضائی قوت کا شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے پاک فضائیہ کی آپریشنل ایئر بیس پر 14 ملکی بین الاقوامی فضائی مشق انڈس شیلڈ ۔2023 کی افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا، ائیر وائس مارشل طارق محمود غازی، ائیر آفیسر کمانڈنگ، سینٹرل ائیر کمانڈتقریب کے موقع پر مہمان خصوصی تھے۔

ترجمان پاک فضائیہ کی طرف سے اتوار کو جاری بیان کے مطابق اس موقع پر ایئر آفیسر کمانڈنگ سینٹرل ایئر کمانڈ نے مشق کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے فضائی جنگ کے نئے ابھرتے ہوئے محرکات کے تناظر میں مشترکہ مقاصد کے حصول کے لیے بین الاقوامی فضائی مشقوں کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے اس وسیع مشق کے انعقاد پر ایئر پاور سینٹر آف ایکسیلینس کی کاوشوں کو بھی سراہا جس کی بدولت مشق میں حصہ لینے والی فضائی افواج اور اتحادیوں کے مابین موجودہ تعاون اور شراکت داری کو فروغ حاصل ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ مشق انڈس شیلڈ۔ 2023 کی منصوبہ بندی اور اس کا انعقاد سربراہ پاک فضائیہ کے وژن کے عین مطابق ہے جس سے پاک فضائیہ کیلئے ٹیکنالوجی کے فروغ، اس کی صلاحیتوں کو جدت سے ہمکنار کرنے اور عصر حاضر کی جنگی حکمت عملیوں کو بروئے کار لاتے ہوئے فضائی دفاع کے مشترکہ چیلنجز سے موثر انداز میں نمٹا جا سکے گا۔ ایئر وائس مارشل طارق محمود غازی نے اس امر پر بھی روشنی ڈالی کہ یہ مشق خطے کی اہم فضائی قوتوں کے مابین تعاون اور برادرانہ تعلقات کو فروغ دینے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

مشق انڈس شیلڈ ۔2023 میں ترکیہ، سعودی عرب، قطر، متحدہ عرب امارات، مصر، عمان، بحرین، آذربائیجان، انڈونیشیا، مراکش، ازبکستان، چین اور ہنگری سمیت 14 فضائی افواج شرکت کر رہی ہیں۔ یہ مشق شریک فضائی افواج کو نہ صرف اپنی بے مثال مہارت اور آپریشنل صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کا ایک منفرد موقع فراہم کرے گی بلکہ اس مشق کے ذریعے شرکا کے مابین باہمی افہام و تفہیم میں بہتری اور تعاون کا فروغ بھی ممکن ہوگا۔

یہ بین الاقوامی فضائی مشق عملی اور پیشہ ورانہ مہارت کی علامت ہے جو خطے میں پاک فضائیہ کی صلاحیتوں کا لوہا منوانے میں کارگر ثابت ہوگی۔ علاوہ ازیں اس مشق میں شامل حقیقت پر مبنی فضائی جنگ کے منظرنامے اور مختلف عسکری مشنز کی عکاسی، فضائی اور زمینی عملے کو فضائی جنگ کے دوران اساسوں کی تعیناتی سے متعلق مختلف حکمت عملیوں کو پرکھنے کا ایک بہتریں تجربہ فراہم کرے گی۔

بشکریہ: اے پی پی

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More