پاکستان کے دفاع، سلامتی اور خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، یوم تکبیر پر مسلح افواج کاعہد
پاکستان کی جوہری صلاحیت ایک مقدس قومی امانت ہے۔مسلح افواج
راولپنڈی: یومِ تکبیر کی 28ویں سالگرہ کے موقع پر چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر،
چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف اور ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے مسلح افواجِ پاکستان کی جانب سے پوری پاکستانی قوم کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یومِ تکبیر 28 مئی 1998 کے اُس تاریخی دن کی یاد دلاتا ہے جب پاکستان ایٹمی قوت بن کر ابھرا اور جنوبی ایشیا میں اسٹریٹجک توازن بحال کیا۔ یہ تاریخی سنگِ میل قومی اتحاد، ثابت قدمی اور ملکی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی وقار کے تحفظ کے غیر متزلزل عزم کی علامت ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ عظیم کامیابی دوراندیش قیادت، پاکستانی سائنسدانوں اور انجینئرز کی غیرمعمولی خدمات، اور مسلح افواج و پاکستانی عوام کی قربانیوں کا ثبوت ہے۔ پاکستان کی اسٹریٹجک صلاحیت ایک مقدس قومی امانت ہے جو خطے میں امن، استحکام، علاقائی سالمیت اور مؤثر دفاعی صلاحیت کی ضامن ہے۔
مسلح افواجِ پاکستان نے مادرِ وطن کے دفاع کے لیے ہر قسم کے خطرات کے خلاف اپنے غیرمتزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ ملک کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے لیے پرعزم ہیں۔
اس اہم موقع پر پاکستانی قوم نے اللہ تعالیٰ کے حضور عاجزی کے ساتھ قومی اتحاد، بیداری، ثابت قدمی اور ایک مضبوط و خوشحال پاکستان کے لیے اپنی وابستگی کے عہد کی تجدید بھی کی۔
پاکستان کی مسلح افواج زندہ باد
پاکستان ہمیشہ پائندہ باد
