پاکستان کا مقامی طور پر تیار کردہ فتح 4 گراؤنڈ لانچڈ کروز میزائل کا کامیاب فائر
آج آرمی راکٹ فورس کمانڈ کی جانب سے مقامی طور پر تیار کردہ فتح-4 گراؤنڈ لانچڈ کروز میزائل کا کامیاب تربیتی تجربہ کیا گیا۔
جدید ایویونکس اور جدید ترین نیویگیشنل معاون نظام سے لیس یہ ہتھیار طویل فاصلے تک اہداف کو انتہائی درستگی کے ساتھ نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس تربیتی تجربے کا مقصد فوجی دستوں کی عملی استعداد میں اضافہ اور مختلف ذیلی نظاموں کے تکنیکی پہلوؤں کی جانچ کرنا تھا، تاکہ بہتر درستگی اور زیادہ مؤثر بقا کی صلاحیت کو یقینی بنایا جا سکے۔
اس تربیتی تجربے کا مشاہدہ پاکستان آرمی راکٹ فورس کمانڈ کے سینئر افسران کے علاوہ متعلقہ ادارے کے سائنس دانوں اور انجینئرز نے بھی کیا۔
صدرِ پاکستان، وزیرِ اعظم پاکستان، چیف آف آرمی اسٹاف (COAS)، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی (CDF)، چیف آف دی نیول اسٹاف اور چیف آف دی ایئر اسٹاف نے فتح-4 کے کامیاب تربیتی تجربے کو سراہتے ہوئے اُن تمام افراد کی فنی مہارت، لگن اور عزم کی تعریف کی جنہوں نے ایف سیریز میزائل کے اس کامیاب تجربے میں کردار ادا کیا۔
