Newspulse - نیوز پلس
پاکستان، سیاست، کھیل، بزنس، تفریح، تعلیم، صحت، طرز زندگی ... کے بارے میں تازہ ترین خبریں

پاکستان کا تمام کشمیری سیاسی قیدیوں اور انسانی حقوق کارکنوں کی رہائی کا مطالبہ

پاکستان کا تمام کشمیری سیاسی قیدیوں اور انسانی حقوق کارکنوں کی رہائی کا مطالبہ

پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے اپنی ہفتہ وار پریس بریفنگ میں کہا ہے کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں پر شدید تشویش رکھتا ہے اور تمام کشمیری سیاسی قیدیوں اور انسانی حقوق کے کارکنوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتا ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارت کشمیری عوام کی آواز دبانے کے لیے مختلف ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے، تاہم عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم اور انسانی حقوق کی پامالیوں سے بخوبی آگاہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری قیادت کے ساتھ ناروا سلوک اور گرفتاریوں کی پاکستان سخت الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے کے حوالے سے بھی گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوستی وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہوئی ہے اور ہر مشکل مرحلے پر پاکستان اور چین نے ایک دوسرے کا بھرپور ساتھ دیا۔ ان کے مطابق تجارت، صنعت، تعلیم، سرمایہ کاری اور عوامی رابطوں سمیت مختلف شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان گہری شراکت داری موجود ہے، جو خطے کے استحکام اور ترقی کے لیے اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف 23 سے 26 مئی تک چین کا سرکاری دورہ کریں گے۔ اس دورے کا مقصد پاکستان اور چین کے درمیان آل ویدر اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کو مزید مضبوط بنانا ہے۔ ترجمان کے مطابق وزیراعظم اپنے دورے کے دوران پاک چین بزنس ٹو بزنس کانفرنس کی صدارت کریں گے اور بیجنگ میں منعقد ہونے والی ایک خصوصی استقبالیہ تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔ اس کے علاوہ وزیراعظم کی چینی صدر شی جن پنگ اور چینی وزیراعظم لی چیانگ سے اہم ملاقاتیں بھی شیڈول ہیں، جن میں دوطرفہ تعلقات، اقتصادی تعاون اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

امریکا اور ایران کے درمیان جاری مذاکرات کے حوالے سے ترجمان نے کہا کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے حال ہی میں ایران کے دو اہم دورے کیے، جہاں انہوں نے ایرانی قیادت سے ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں پاک ایران تعلقات، سرحدی سکیورٹی، خطے کی صورتحال اور دیگر اہم امور پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔

ترجمان دفتر خارجہ نے 17 مئی کو سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی فضائی حدود میں ہونے والے ڈرون حملوں کے واقعات پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایٹمی تنصیبات کو نشانہ بنانا بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ پاکستان نے ان حملوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں ایسے واقعات دوبارہ پیش نہیں آئیں گے کیونکہ اس طرح کے اقدامات خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں۔

طاہر حسین اندرابی نے بھارت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے توجہ ہٹانے کے لیے پاکستان پر بے بنیاد الزامات عائد کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کلبھوشن یادیو کا معاملہ بھارتی ریاستی دہشتگردی کا واضح ثبوت ہے اور بھارت کشمیری عوام کی حق خودارادیت کی جدوجہد کو دہشتگردی قرار دے کر حقائق کو مسخ نہیں کر سکتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان سندھ طاس معاہدے کے تحت اپنے آبی حقوق کے تحفظ کے لیے قانونی اور سفارتی ذرائع استعمال کرتا رہے گا۔ ان کے مطابق بھارت کی جانب سے ثالثی عدالت کے فیصلے کو مسترد کرنا کسی قانونی یا سیاسی حیثیت کا حامل نہیں ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے امن کوششوں کے حوالے سے بھی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی تمام ریاستی ادارے امن و استحکام کے لیے متحد اور ایک پیج پر ہیں۔ انہوں نے عوام اور میڈیا سے اپیل کی کہ اس حوالے سے غیر ضروری قیاس آرائیوں سے گریز کیا جائے کیونکہ امن کی کوششیں قومی سطح کی مشترکہ حکمت عملی کا حصہ ہیں۔

دہشتگردی کے خلاف جنگ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشتگردی کے خاتمے کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں جنہیں پوری دنیا تسلیم کرتی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستان اور روس کے درمیان عالمی سلامتی، اسلحہ کنٹرول اور عدم پھیلاؤ کے معاملات پر تفصیلی مشاورت ہوئی ہے۔ دونوں ممالک نے عالمی فورمز پر باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے جبکہ اس سلسلے کا اگلا اجلاس 2027 میں اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More