پاکستان کا اپنے بحری مفادات کے تحفظ کیلئےتمام ضروری اقدامات کا حق محفوظ رکھنے کا اعلان
اسلام آباد:پاکستان نے حوثی ملیشیا کی جانب سے سعودی عرب اور بحیرہ احمر میں تجارتی جہاز رانی کے خلاف جاری دھمکیوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے اقدامات علاقائی سلامتی، جہاز رانی کی آزادی، قواعد پر مبنی بحری نظام اور عالمی تجارت کے تسلسل کے لیے خطرہ ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق سعودی عرب کے ساتھ قانونی تجارتی سرگرمیوں میں مصروف جہازوں کو دھمکیاں دینا ناقابل قبول اور بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے واضح کیا ہے کہ پاکستانی پرچم بردار جہازوں یا پاکستان کے بحری مفادات کے خلاف کسی بھی جارحانہ اقدام کو قومی سلامتی اور خودمختار مفادات کے لیے سنگین خطرہ تصور کیا جائے گا۔
پاکستان نے واضح کیا کہ اقوام متحدہ کے منشور اور بین الاقوامی قانون کے مطابق اپنے بحری اثاثوں اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات، بشمول حقِ دفاع میں طاقت کے قانونی استعمال، کا حق محفوظ رکھتا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے مشرقِ وسطیٰ کے تنازع میں سعودی عرب کو گھسیٹنے کی کوششوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے برادر ملک کی سلامتی، خودمختاری، علاقائی سالمیت اور خوشحالی کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔
پاکستان نے تمام فریقین پر زور دیا کہ وہ بین الاقوامی قانون کا احترام کریں اور بین الاقوامی بحری جہاز رانی کی سلامتی یقینی بنائیں۔
