پاکستان کا اٖفغان رجیم کے خلاف آپریشن ‘غضب للحق’ بھرپور آپریشن جاری
پاکستانی سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں افغان طالبان کے متعدد ٹھکانے تباہ ، شدت پسند عناصر پسپا
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک۔افغان سرحد پر افغان طالبان حکومت کی مبینہ بلااشتعال کارروائیوں کے جواب میں پاکستان کا آپریشن "غضب للحق” جاری ہے، جس کے دوران افغان طالبان کی چوکیوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں افغان طالبان کے متعدد ٹھکانے تباہ ہوئے جبکہ شدت پسند عناصر پسپا ہوگئے۔ چترال سیکٹر میں افغان طالبان کی ایک چیک پوسٹ کو نشانہ بنا کر تباہ کرنے کی اطلاع بھی دی گئی ہے۔ اس دوران سرحد کے مختلف مقامات پر فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔
اطلاعات کے مطابق ناوگئی سیکٹر باجوڑ، تیراہ خیبر، ضلع مہمند اور ارندو سیکٹر چترال میں بھی پاکستانی فورسز نے مؤثر جواب دیا۔ باجوڑ کے علاقے میں افغان طالبان کی دو چوکیوں کو تباہ کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی افواج ہر قسم کی جارحیت کا فوری اور سخت جواب دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔ مزید یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ جھڑپوں میں افغان طالبان کے 22 اہلکار ہلاک ہوئے۔
ذرائع کے مطابق افغان طالبان کی جانب سے کواڈ کاپٹر کے ذریعے پاکستانی چیک پوسٹوں پر حملے کی کوشش کو ناکام بنایا گیا اور بروقت کارروائی کرتے ہوئے تمام ڈرونز مار گرائے گئے۔
سیکیورٹی حکام کے مطابق چھوٹے اور بڑے ہتھیاروں سے گولہ باری کا سلسلہ جاری ہے جبکہ ڈرونز کے ذریعے بھی مخصوص اہداف کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
آخر میں ذرائع نے دعویٰ کیا کہ افغان طالبان کے بعض میڈیا اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر جھوٹے دعوے اور غیر مصدقہ ویڈیوز گردش کر رہی ہیں۔
