Newspulse - نیوز پلس
پاکستان، سیاست، کھیل، بزنس، تفریح، تعلیم، صحت، طرز زندگی ... کے بارے میں تازہ ترین خبریں

پاکستان سٹاک ایکسچینج کا 60ہزارکی حد عبور کرنا تاریخی کامیابی ہے،نگران وزیراعظم

پاکستان سٹاک ایکسچینج کا 60ہزارکی حد عبور کرنا تاریخی کامیابی ہے،نگران وزیراعظم

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے ملکی معیشت کو مزید بہتر کرنے کیلئے کاروباری طبقہ کو بہترین ماحول فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے، پاکستان سٹاک ایکسچینج کا 60ہزار کی حد عبور کرنا تاریخی کامیابی ہے، کاروباری رہنماؤں کو ڈیجیٹل انقلاب اور جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ پر توجہ مرکوز کرنی چاہئے، ہمیں مستقبل میں چین میں آنے والی بھاری سرمایہ کاری سے فائدہ اٹھانے کیلئے خود کو تیار کرنا چاہئے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو پاکستان سٹاک ایکسچینج کے تحت 25بہترین کمپنیوں کو ایوارڈ دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرکے ایوارڈ حاصل کرنے والی کمپنیوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، امید ہے کہ مستقبل میں ان کمپنیوں کی تعداد میں اضافہ ہو گا، ان کمپنیوں نے ملکی معیشت کے استحکام میں اہم کردار ادا کیا ہے اور بڑے پیمانے پر روزگار کے مواقع پیدا کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سٹاک ایکسچینج کا 60 ہزار کی حد عبور کرنا تاریخی کامیابی ہے،

یہ تاریخی کامیابی ملک میں مزید اصلاحات کا پیش خیمہ ہے، پاکستان سٹاک ایکسچینج کے کاروبار میں 30فیصد اضافہ ہوا ہے، ہمیں اس شاندار کامیابی کے تسلسل کو جاری رکھنا ہے۔انہوں نے کہا کہ کاروباری رہنماؤں کو ڈیجیٹل انقلاب اور جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ پر توجہ مرکوز کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ نگران حکومت نے سمگلنگ، ذخیرہ اندوزی اور بجلی چوری کی روک تھام کیلئے اقدامات کئے ہیں، ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے خصوصی اقدامات کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری ملکی معیشت کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ای سی او سمیت دیگر اہم فورم کا اہم شراکت دار ہے، پاکستان کیلئے افریقی ممالک، خطے اور اس سے باہر تجارت کے وسیع مواقع موجود ہیں، عالمی منڈیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی خدمات اور مصنوعات تیار کریں، کاروباری افراد بیرون ملک منڈیوں میں رسائی اور کامیابی کو اپنا ہدف بنائیں، ہمیں مستقبل میں چین میں آنے والی بھاری سرمایہ کاری سے فائدہ اٹھانے کیلئے خود کو تیار کرنا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیکس محصولات میں اضافہ سے عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ ایس آئی ایف سی کا قیام اہم سنگ میل ہے، اس سے بڑے پیمانے پر ملک میں سرمایہ کاری لانے میں مدد ملے گی، غیر ملکی اور ملکی سرمایہ کاروں کو ملک میں سرمایہ کاری دوست ماحول سے فائدہ اٹھانا چاہئے، نجی شعبہ کی سرمایہ کاری کو خوش آمدید کہیں گے، سمت کی درستگی سے شاندار کامیابیاں حاصل کی جا سکتی ہیں، خواہش ہے کہ ایسے اقدامات کریں جس سے آنے والی حکومت کیلئے آسانیاں پیدا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ہر شعبہ کو اپنی استعداد کار بروئے کار لانے سے کامیابیاں حاصل ہوں گی، ملک کے خوشحال مستقبل کیلئے پرامید ہوں۔ انہوں نے کہا کہ بڑی کمپنیوں کو فلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہئے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More