مظفرآباد(نیوز پلس) پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان مظلوم کشمیریوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پہنچ گئے ہیں۔عامر خان نے چکوٹھی سیکٹر میں ایل او سی کی اگلی چیک پوسٹوں کا دورہ کیا اور عوام سے ملاقات کی۔ عوام سے گفتگو میں انہوں نے مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔ عالمی شہرت یافتہ برطانوی باکسر نے کہاکہ میں یہاں صرف کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کرنے اور عالمی سطح پر ان کی آواز بننے کیلئے آیا ہوں، مجھے احساس ہے کہ ایل او سی کی دوسری جانب کیا ہو رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بھارتی وحشیانہ بربریت کیخلاف کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے خاص طور پر برطانیہ سے آیا ہوں۔ عامر خان نے کہا کہ برطانوی وزیراعظم بارس جانسن نے بھی مقبوضہ کشمیر میں اٹھائے جانے والے بھارتی اقدامات کی مذمت کی ہے۔ ساتھ ہی ساتھ برطانوی ارکان پارلیمان نے بھی مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر اہم شخصیات کو خطوط لکھے ہیں۔عالمی لائٹ ویٹ چیمپئن باکسر عامر خان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر مجھے لائن آف کنٹرول آنے سے منع کیا گیا تھا مگر میرا ارادہ مصمم تھا۔ میرا موقف تھا کہ لائن آف کنٹرول پر ہر صورت جاؤں گا کیونکہ آزاد کشمیر پرامن ہے اور یہاں زندگی معمول کے مطابق رواں دواں ہے مگر چکوٹھی کے اس پار مقبوضہ کشمیر میں حالات مخدوش ہیں اور معصوم کشمیریوں کی زندگی اجیرن ہو چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ میں چاہتا ہوں جس طرح آزاد کشمیر میں امن ہے، مقبوضہ کشمیر میں بھی ویسے ہی امن ہو۔ انتہا پسند ہندوستان امن کیلئے خطرہ ہے۔ دنیا کو پیغام دیتے ہوئے عامر خان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کو پرامن خطہ بنائیں، میرے جذبات کشمیری عوام کے ساتھ ہیں۔