Newspulse - نیوز پلس
پاکستان، سیاست، کھیل، بزنس، تفریح، تعلیم، صحت، طرز زندگی ... کے بارے میں تازہ ترین خبریں

پانی کی ایک ایک بوند ریڈ لائن ہے، بھارت راہ راست پر نہ آیا تو براہ راست جواب دیں گے: وزیراعظم کا بھارت کو واضع پیغام

 پانی کی ایک ایک بوند ریڈ لائن ہے، بھارت راہ راست پر نہ آیا تو براہ راست جواب دیں گے: وزیراعظم کا بھارت کو واضع پیغام

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے بھارت کو دوٹوک پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے پانی کی ایک ایک بوند ہماری ریڈ لائن ہے، بھارت راہ راست پر نہ آیا تو براہ راست جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان جنگ نہیں بلکہ امن چاہتا ہے، تاہم امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے، پاکستان اپنی خودمختاری، سلامتی اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے ہر قدم اٹھانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

وزیراعظم نے اسلام آباد میں یادگارِ فتح کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ یادگارِ فتح پاکستانی قوم کے عزم و حوصلے، مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت، بہادری اور دشمن پر برتری کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس عظیم یادگار کا افتتاح قوم کے لیے انتہائی جذباتی اور قابلِ فخر لمحہ ہے، جبکہ قوم کی خواہش ہے کہ وطن عزیز کو مزید مضبوط، مستحکم، خوش حال اور ترقی یافتہ بنایا جائے۔

شہباز شریف نے معرکہ حق میں کامیابی پر پوری قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے فیلڈ مارشل عاصم منیر کو خراج تحسین پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ فیصلہ کن مرحلے پر دلیرانہ قیادت میں پاکستان کی مسلح افواج نے دشمن کو شکست دی، جو تاریخ کا ایک ناقابلِ فراموش واقعہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ یادگارِ فتح کا بامقصد ڈیزائن اور نفیس طرزِ تعمیر انتہائی کم وقت میں مکمل کیا گیا، جس پر منصوبے سے وابستہ تمام افراد مبارکباد کے مستحق ہیں۔ یہ یادگار محض ایک عمارت نہیں بلکہ دفاعِ وطن کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کو خراج عقیدت، غازیوں کی بہادری کو سلام اور قومی اتحاد کی علامت ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ مشکل ترین وقت میں پاکستانی قوم اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی رہی اور معرکہ حق کی کامیابی پوری قوم اور افواجِ پاکستان کی مشترکہ فتح ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی ہر پاکستانی کے لیے باعثِ فخر ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان عزت، وقار اور امن کے ساتھ آگے بڑھنا چاہتا ہے۔ "ہم جنگ نہیں، امن چاہتے ہیں، لیکن ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔” وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کی ضمانت بن چکا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ مئی 2025 کے معرکے کا پیغام پوری دنیا تک پہنچ چکا ہے اور پاکستان کے وقار میں غیرمعمولی اضافہ ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر آئندہ کسی نے پاکستان کی خودمختاری اور سلامتی کو چیلنج کیا تو اسے مئی 2025 سے بھی زیادہ قوت کے ساتھ جواب دیا جائے گا۔

بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے سے متعلق اقدامات پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ برس جنگ میں شکست کے بعد بھارت نے سندھ طاس معاہدے کو یک طرفہ اور غیرقانونی طور پر معطل کرکے خود کو امن کا دشمن ثابت کیا۔ انہوں نے واشگاف الفاظ میں کہا کہ پاکستان کے پانی کی ایک ایک بوند ریڈ لائن ہے، بھارت راہ راست پر نہ آیا تو اسے براہ راست جواب دیا جائے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ یادگارِ فتح قومی سفر کا ایک اہم سنگ میل ہے، جبکہ اس سفر کی منزل ایک خوش حال، مستحکم اور فلاحی پاکستان ہے، جو ترقی یافتہ اقوام کی صف میں نمایاں مقام حاصل کرے۔ انہوں نے کہا کہ دفاعِ وطن کے ساتھ تعمیرِ وطن بھی قومی ذمہ داری ہے اور معاشی ترقی کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرکے نوجوان نسل کے لیے ترقی کے نئے مواقع پیدا کرنا ہوں گے۔

شہباز شریف نے آئی ٹی اور مصنوعی ذہانت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ٹیکنالوجی نے دنیا میں بڑی تبدیلی پیدا کردی ہے اور یہ ایک نئی دنیا ہے۔ ان کے مطابق پاکستان کو بھی ان تبدیلیوں کے مطابق خود کو ڈھالنا ہوگا، نئی چیزیں ایجاد کرنا ہوں گی اور نوجوان نسل کو جدید علوم اور ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنا ہوگا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت اس مقصد کے لیے حتی المقدور تمام وسائل فراہم کرے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان خطے کو تنازعات سے پاک دیکھنا چاہتا ہے اور تنازعات کا حل انصاف اور اقوام متحدہ کے اصولوں کے مطابق چاہتا ہے۔ پاکستان کی کوشش ہے کہ دنیا کو نئے تنازعات سے محفوظ رکھا جائے۔

انہوں نے کہا کہ اسی جذبے کے تحت پاکستان نے ایران اور امریکا کے درمیان ذمہ دار ثالث کا کردار ادا کیا، جبکہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے مشرق وسطیٰ میں امن کے لیے بھی اہم کردار ادا کیا۔

شہباز شریف نے سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دفاعی تعاون کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ برس برادر اسلامی ملک سعودی عرب کے ساتھ دفاعی معاہدہ طے پایا اور اب ترکیہ بھی مکہ میں طے پانے والے سہ فریقی دفاعی معاہدے کا حصہ بن چکا ہے۔ ان کے مطابق یہ معاہدہ مشرق وسطیٰ کے لیے امن کی بشارت، عالم اسلام کے لیے امن کی نوید اور پوری دنیا کے لیے امن کا پیغام ہے۔

وزیراعظم نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور ترک صدر رجب طیب اردوان کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ معاہدے کو عملی شکل دینے میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بھی بھرپور کردار ادا کیا۔

قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف اور صدر مملکت آصف علی زرداری نے اسلام آباد میں یادگارِ فتح کا باقاعدہ افتتاح کیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More