ٹی 20 ورلڈ کپ میں حکومت پاکستان نے قومی ٹیم کو بھارت کیخلاف میچ کھیلنے کی اجازت دے دی
پاکستان نے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں 15 فروری کو بھارت کے خلاف شیڈول میچ کھیلنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں مقررہ شیڈول کے مطابق میچ کھیلیں گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ سری لنکا کے صدر کی درخواست پر کیا گیا، جس کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے بھارت کے خلاف میچ کھیلنے کی منظوری دی۔ وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور سری لنکن صدر کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا، جس میں سری لنکن صدر نے درخواست کی کہ پاکستان کرکٹ ٹیم سری لنکا میں ہونے والا پاک بھارت میچ کھیلے۔
اعلامیے کے مطابق سری لنکن صدر نے کہا کہ دہشت گردی کے مشکل دور میں پاکستان نے سری لنکن کرکٹ کو بھرپور سپورٹ فراہم کی، دونوں ممالک کے دیرینہ تعلقات کو ہر چیز پر ترجیح دی گئی اور پاکستانی ٹیم نے سکیورٹی خدشات کے باوجود سری لنکا کے دورے جاری رکھے۔
وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے سری لنکن صدر کے جذبات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے مشکل ادوار میں بھی سری لنکا نے بھرپور تعاون کیا اور پاکستان میں کرکٹ کے سلسلے کو جاری رکھا۔ وزیراعظم نے حالیہ دورے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سری لنکن ٹیم کا پاکستان کا دورہ منسوخ نہ کرنا ایک ناقابلِ فراموش اقدام ہے۔ وزیراعظم نے سری لنکن صدر کو مشاورت کے بعد حتمی فیصلے سے آگاہ کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔
دوسری جانب بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے بھی پاکستان سے بھارت کے خلاف میچ کھیلنے کی درخواست کی ہے۔ بی سی بی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ مشکل وقت میں پاکستان کے تعاون پر پی سی بی چیئرمین کا شکریہ ادا کرتے ہیں اور پاکستان سے اپیل ہے کہ وہ بھارت کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا میچ کھیلے۔
ادھر چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے کہا ہے کہ مہمان نوازی ہماری روایت ہے، جب مہمان گھر آ جائے تو بہت سی باتیں بھلا دی جاتی ہیں۔ لاہور میں پی ایس ایل ٹیم ملتان کی نیلامی کے بعد پریس کانفرنس میں ان کا کہنا تھا کہ آئی سی سی کے ساتھ معاملات چل رہے ہیں اور جیسے ہی کوئی پیش رفت ہوئی، آگاہ کر دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان نے بنگلہ دیش سے اظہارِ یکجہتی کے طور پر ابتدا میں بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کا اعلان کیا تھا، کیونکہ بنگلہ دیش نے بھارت میں سکیورٹی خدشات کے باعث اپنے ورلڈ کپ میچز سری لنکا منتقل کرنے کی درخواست کی تھی، جسے آئی سی سی نے مسترد کر دیا تھا۔ اس فیصلے کے بعد پاکستان نے 15 فروری کو بھارت کے خلاف شیڈول میچ کھیلنے سے انکار کر دیا تھا۔
ذرائع کے مطابق پاک بھارت میچ منسوخ ہونے کی صورت میں آئی سی سی کو بھاری مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑ سکتا تھا۔
