ٹرمپ کا مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کا خیرمقدم، اہم پیش رفت قرار
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے درمیان حال ہی میں طے پانے والے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے ایک اہم اور جرات مندانہ قدم قرار دیا ہے۔
ٹرمپ نے اپنے سوشل ٹرتھ پر بیان میں کہا کہ وہ سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے درمیان معاہدے پر بہت خوش ہیں۔ ان کے بقول یہ معاہدہ ظاہر کرتا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں ممالک باہمی تعاون کے ذریعے اپنے دفاع کو مزید مؤثر بنانے کی جانب بڑھ رہے ہیں۔
امریکی صدر نے تینوں ممالک کی قیادت کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ معاہدہ خطے میں ممالک کو اپنے دفاع کے لیے زیادہ مؤثر انداز میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہونے میں مدد دے گا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے معاہدے کو ’’بڑا، جرات مندانہ اور اہم پہلا قدم‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ خطے میں دفاعی تعاون اور علاقائی یکجہتی کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت ہے۔
انہوں نے سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ تینوں ممالک کے درمیان بڑھتا ہوا تعاون مشرق وسطیٰ میں دفاعی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے اور علاقائی سلامتی کے لیے اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔
شہباز شریف کا مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر ٹرمپ کے بیان کا خیرمقدم
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے درمیان مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کی حمایت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان سعودی عرب اور ترکیہ کے ساتھ مل کر اپنے اور خطے کے دفاع و سلامتی کو یقینی بنانے میں اپنا کردار جاری رکھے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مثبت الفاظ کو سراہتے ہیں۔ انہوں نے جنوبی ایشیا میں ایٹمی تباہی کے خطرے کو ٹالنے اور لاکھوں انسانی جانوں کو محفوظ بنانے میں کردار ادا کرنے پر امریکی صدر کو خراجِ تحسین بھی پیش کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ خطے میں پائیدار امن کا قیام عوام کے روشن، محفوظ اور خوشحال مستقبل کے لیے ناگزیر ہے۔ ان کے مطابق امن اور استحکام ہی معاشی ترقی اور عوامی خوشحالی کی بنیاد فراہم کرتے ہیں۔
اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے درمیان مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں اس بات پر انتہائی خوشی ہے کہ تینوں ممالک نے بالآخر معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں۔
ٹرمپ نے کہا کہ یہ پیش رفت اس بات کی علامت ہے کہ مشرقِ وسطیٰ کے ممالک متحد ہو رہے ہیں اور مستقبل میں اپنی سلامتی اور دفاع کے لیے زیادہ مؤثر انداز میں کردار ادا کرنے کے قابل ہوں گے۔
امریکی صدر نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کی قیادت کو مبارکباد دیتے ہوئے معاہدے کو ایک ’’بڑا، جرأت مندانہ اور اہم قدم‘‘ قرار دیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کا بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خطے میں دفاعی تعاون، باہمی سلامتی اور علاقائی استحکام کے لیے ممالک کے درمیان روابط میں اضافہ ہو رہا ہے۔
