وزیراعظم سے کروشیا کے وزیر خارجہ کی ملاقات، تجارت، سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق
کروشین وزیر خارجہ نے پاکستان کی قیادت کی جانب سے علاقائی امن، استحکام اور سفارتی کوششوں کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو سراہا
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف اور جمہوریہ کروشیا کے وزیر برائے خارجہ و یورپی امور ڈاکٹر گورڈن گرلیچ ریڈمین کے درمیان ہونے والی ملاقات میں دونوں ممالک نے تجارت، سرمایہ کاری، انفارمیشن ٹیکنالوجی، زراعت، سیاحت، روابط اور ہنرمند افرادی قوت سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔
وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ بھی موجود تھے۔
ملاقات کے آغاز میں وزیراعظم شہباز شریف نے ڈاکٹر گورڈن گرلیچ ریڈمین اور ان کے وفد کا پاکستان آمد پر خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور کروشیا کے درمیان تعلقات باہمی احترام، خیرسگالی اور مشترکہ مفادات پر استوار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان موجود دوستانہ روابط کو مزید مضبوط بنانے اور انہیں معاشی تعاون میں تبدیل کرنے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
وزیراعظم نے اس موقع پر پاکستان کی جانب سے کروشیا کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے علاوہ انفارمیشن ٹیکنالوجی، رابطہ کاری، زراعت، سیاحت اور ہنرمند افرادی قوت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اقتصادی روابط کے فروغ سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو نئی جہت ملے گی اور باہمی ترقی و خوشحالی کے مواقع پیدا ہوں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کروشیا کے صدر زوران میلانوویچ اور وزیراعظم آندرے پلینکوویچ کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے انہیں پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت بھی دی۔ انہوں نے کہا کہ اعلیٰ سطح کے باہمی دورے دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔
اس موقع پر کروشیا کے وزیر برائے خارجہ و یورپی امور ڈاکٹر گورڈن گرلیچ ریڈمین نے پرتپاک استقبال پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد کا دورہ ان کے لیے باعثِ اعزاز ہے۔ انہوں نے پاکستان کی قیادت کی جانب سے علاقائی امن، استحکام اور سفارتی کوششوں کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو سراہا اور کہا کہ پاکستان خطے میں امن کے فروغ کے لیے اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
کروشین وزیر خارجہ نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ ان کی حکومت پاکستان کے ساتھ باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعلقات کو مزید وسعت دینے کی خواہاں ہے۔ انہوں نے اقتصادی، تجارتی، سیاسی اور عوامی روابط کو مضبوط بنانے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے پر زور دیا۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے اس امر پر اتفاق کیا کہ پاکستان اور کروشیا کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے اعلیٰ سطح کے روابط، اقتصادی تعاون اور مختلف شعبوں میں شراکت داری کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
